یو ایس ایڈ کے تعاون سے قوت سماعت کی صلاحیت سے محروم بچوں کیلئے ڈیف ریچ اسکول اینڈ ٹریننگ سینٹرکا افتتاح

بدھ 25 جنوری 2017 22:01

سکھر۔ 25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2017ء) یو ایس ایڈ اور سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(اسٹیوٹا) کیجانب سے فیملی ایجوکیشن سروسز فاؤنڈیشن (ایف ای ایس ایف) کے اشتراک سے قوت سماعت سے محروم بچوں کو تعلیم اور فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے سکھر میں گولیمار کے علاقے میں" نیو ڈیف ریچ اسکول اور ٹریننگ سینٹر" کا آغاز کیا جارہا ہے جس کا افتتاح کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ اور ڈائریکٹر فیملی ایجوکیشن سروسز فاؤنڈیشن نے کیا ۔

فیملی ایجوکیشن سروسز فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر رچرڈ نے بتایا کہ ڈیف ریچ اسکول کے کثیر المقاصد کیمپس کی تعمیر کیلئے فنڈز اسٹیوٹا فراہم کرے گی جبکہ یو ایس ایڈ ایس جی اے ایف پی فنڈنگ سے رنگ و روغن کے کام کے ساتھ ساتھ قوت سماعت سے محروم 400سے زائد بچوں کو تدریسی تعلیم بھی فراہم کرے گی پراجیکٹ کا مقصد قوت سماعت سے محروم بچیوں کی انرولمنٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیم اور پر سکون ماحول فراہم کر کے اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے اس کے علاوہ ڈیف اسکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اسکول 400طلبہ کی گنجائش کا حامل ہوگا، یو ایس ایڈ کیجانب سے فنڈنگ کے ذریعے تمام کلاس فرنیچرز اور ٹریننگ ہالز بشمول آئی ٹی لیب تیار کرنے کیلئے سامان خریدا جائے گا جبکہ باورچی خانہ ، سلائی سینٹر اور ڈائننگ ہال بھی تعمیر کیا جائے گا ،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ ڈیف ریچ اسکول اپنی نوعیت کا اپنی مثال آپ ادارہ ثابت ہو گا جس کے ذریعے قوت سماعت سے محروم افراد بالخصوص بچیوں میں سے احساس محرومی ختم ہو گا ، یہ کیمپس علاقے کے لوگوں کی ضروریات کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ" نیو ڈیف ریچ اسکول اور ٹریننگ سینٹر" سکھر ڈویژن کے عوام کیلئے خصوصی تحفہ ہے۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے مختلف نجی اداروں اور کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ڈیف ریچ اسکول سے تربیت یافتہ بچوں کو روزگار فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

متعلقہ عنوان :