شہر میں مختلف مقامات میں تیزبارش اور ایک احتجاج کے باعث ٹریفک کا دبائو رہا ‘کیپٹن (ر)سید احمد مبین

تمام ایس پیز، ڈ ی ایس پیز ، انچارج سیکٹرز اورٹریفک وارڈنز نے ٹریفک بہائو کو یقینی بنایا‘ ڈی آئی جی ٹریفک لاہور

بدھ 25 جنوری 2017 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2017ء) ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن(ر) سیّد احمد مبین نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر تیز ترین بارش اور ایک ریلی کے باعث ٹریفک دبائو سامنے آیا جس کو ٹریفک افسران و وارڈنز نے انتہائی خوبصورت حکمت عملی کے تحت ہینڈ ل کیا اور پورے شہر میں کہیں بھی ٹریفک جام یا ٹریفک تسلسل میں خلل کی اطلاع موصول نہ ہوئی۔

تیز بارش کے باعث مختلف علاقوں میں وقتی طور پر ٹریفک دبائو رہا لیکن موقع پر ٹریفک افسران و وارڈنز نے پوری محنت کر کے ٹریفک کو رواں دواں رکھا ۔تفصیلات کے مطابق مغلپورہ پھاٹک بند ہونے ، انڈر پاسز ،خیابان جناح روڈ ، واپڈا ٹائون فیز ٹو چوک سے شوکت خانم ہسپتال تک ، پریس کلب کے سامنے محکمہ اوقاف کے 20سے 25ملازمین کے مظاہرے او ر چوبچہ پھاٹک بند ہونے سے ٹریفک دبائو کی اطلاع ملنے پر ایس پی سٹی آصف صدیق ، ڈی ایس پی مغلپورہ ضیاء اللہ ، ڈی ایس پی کینٹ شہزاد خان ، ڈی ایس پی صدر ملک اکرم ، سیکٹر انچارج گڑھی شاہو اقبال حمید ، سیکٹر انچارج خیابان امین علا ئو الدین ، سیکٹر انچارج ٹھوکر نیاز بیگ احمد رضا،10پٹرولنگ افسرا ن اور 50سے زائد ٹریفک وارڈنز نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک بہائو کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر)سید احمد مبین نے خود مختلف علاقوں میں دورہ کرکے ٹریفک روانی کا جائزہ لیا اور ٹریفک خود کلیئر کرواتے رہے ۔اس موقع پر انہو ں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کے رسپانس ٹائم میں انتہائی بہتر ی آئی ہے ۔اب جہاں بھی ٹریفک دبائو کی اطلاع ملتی ہے وہاں فورًا متعلقہ ٹریفک افسران کو بھیج کر ٹریفک بہائو کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔

شہر میں پہلے کی نسبت سٹی ٹریفک پولیس رسپانس ٹائم بہتر ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بتدریج بہتری اور شہریوں کور یلیف حاصل ہو رہا ہے ۔شہریوں کوسٹرکوںپرعمدہ خدمات دینے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیںگے ۔گزشتہ روزسارے شہر میں تیزبارش کے باعث پھسلن رہی جس کے باعث مختلف علاقوں میں حادثات بھی سامنے آئے ۔اس لیے شہریوں سے اپیل ہے کہ ایسے موسم میں آہستہ ڈرائیونگ کریں۔

متعلقہ عنوان :