سرگودھا ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف کابھل صفائی میں گھپلوں کی خبروں کا نوٹس، حکام سے رپورٹ طلب کرلی

بدھ 25 جنوری 2017 21:33

سرگودھا ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف کابھل صفائی میں گھپلوں کی خبروں کا ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھل صفائی میں ہونیوالے گھپلوں کی خبروں کا ایکشن لیتے ہوئے فوری طور پر حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں حکومت پنجاب نے محکمہ انہار کو بھل صفائی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کئے تھے جس سے تمام اریگیشن حکام کو اپنے اپنے سرکلز میں بہنے والے نہروں‘ راجباہوں‘ سیم نالوں کی صفائی کو یقینی بنانا ہوتا ہے اس کے لئے ملک بھر میں پانی کی واہ بندی بھی کی جاتی ہے تاکہ اس عرصہ میں نہروں کی صفائی کا عمل باآسانی ہوسکے۔

تمام ایریگیشن افسران اپنے اپنے سرکلز میں دیئے جانیوالے اعداد و شمار اور نہروں‘ راجباہوں‘ سیم نالوں کی صفائی کروانے کے لئے رقم مانگتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایریگیشن حکام نے ضلع سرگودھا میں بھل صفائی کے لئے نو کروڑ روپے سے زائد کی رقم خزانے سے نکلوا کر بندر بانٹ کرلی ہے جبکہ نہروں کی بھل صفائی کا عملا کام شروع ہی نہیں ہوسکا اور نہروں اور راجباہوں میں پانی بھی آنا شروع ہوگیا ہے اس طرح امسال کیلئے نکالے جانیوالے 9 کروڑ سے زائد کے فنڈز خرد برد ہوگئے ہیں جبکہ کچھ جگہوں پر بھل صفائی کرکے اس کی تصاویر بنا کر حکام کو بھجوائی گئی ہیں محکمہ ایریگیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ہر سال خزانے سے بھل صفائی کے نام پر اربوں روپے نکال کر افسران بندر بانٹ کرلیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ زمینداروں کی زمینوں پر پانی نہیں پہنچ پاتا کیونکہ نہروں‘ راجباہوں اور سیم نالوں کی صفائی کے بعد دور دراز ٹیلوں تک پانی کی فراہمی باآسانی ہوسکتی ہے مگر سرکاری افسران اور ایریگیشن کا عملہ ملی بھگت کرکے صفائی کے نام پر خزانے کی بھل صفائی کردیتا ہے۔

جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اخبارات میں شائع ہونیوالی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تاہم سرگودھا میں نئے تعینات ہونیوالے ڈپٹی کمشنر چوہدری لیاقت علی وڑائچ نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وہ دن سے لاہور گئے ہوئے ہیں ان کے آنے کے بعد ہی محکمہ ایریگشن اور دیگر محکمے اپنی رپورٹیں مرتب کریں گے جبکہ خفیہ ذرائع اور اخبارات کی نشاندہی کردہ جگہوں کی تصاویر اور فلمیں بھی حکومت کو بھجوائی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :