شیماکرمانی کو مکمل تحفظ فراہم کریںگے ،وفاق دہشت گردوں کی نرسریوں کے خلاف کارروائی کرے،وزیراعلیٰ سندھ

حیسکو اور سیپکو اگر سندھ کو بجلی نہیں دے سکتے تو اپنا سامان اٹھائیں اور چلے جائیں،سید مراد علی شاہ کا سندھ اسمبلی میں خطاب

بدھ 25 جنوری 2017 19:50

شیماکرمانی کو مکمل تحفظ فراہم کریںگے ،وفاق دہشت گردوں کی نرسریوں کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معروف کلاسیکل رقاصہ شیما کرمانی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ پر تمام ذمہ داریاں ڈالنے والے کچھ مرکزی حکومت کو بھی بولیں جہاں دہشت گردوں کی نرسریاں پل رہی ہیں ۔سندھ میں طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ پر شدید تحفظات ہیں ۔

حیسکو اور سیپکو اگر سندھ کو بجلی نہیں دے سکتے تو اپنا سامان اٹھائیں اور چلے جائیں ۔شیما کرمانی کو ملنے والی دھمکیوں ،حیسکو اور سیپکو کی کارکردگی کے حوالے سے وفاق کو خط لکھ دیا ہے ۔بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی امتیاز شیخ اور میر اللہ بخش تالپور نے سندھ میں لوڈشیڈنگ جبکہ مسلم لیگ (ن )کی سورٹھ تھیبو نے شیماکرمانی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا معاملہ ایوان میں اٹھایا۔

(جاری ہے)

سورٹھ تھیبو نے کہا اب ہمارے فنکار بھی غیر محفوظ ہوگئے ہیں ۔شیما کرمانی کو کہا جارہا ہے کہ وہ مسلمان نہیں ہیں ۔ان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ اب تمہاری خیر نہیں ہے ۔حکومت شیماکرمانی کو تحفظ فراہم کرے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے استفسار کیا کہ شیماکرمانی کو کون دھمکیاں دے رہا ہے ً جس پر قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی وفاق کو خط لکھ کر کہا تھا کہ جن علاقوں میں دہشت گردوں کی نرسریاں موجود ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن اب تک کوئی عملی اقدامات سامنے نہیں آئے ہیں ۔ہم شیماکرمانی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں ۔تاہم حکومت سندھ پر تمام ذمہ داریاں ڈالنے والے کچھ مرکزی حکومت کو بھی بولیں جہاں دہشت گردوں کی نرسریاں پل رہی ہیں۔

سندھ میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ اور اووبلنگ کے معاملے پر سید مراد علی شاہ حیسکو اور سیپکو پر واضح کیا کہ اگر وہ عوام کو بجلی فراہم نہیں کرسکتے تو پھر اپنا بوریاں بستر لپٹیں اوریہاں سے چلے جائیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شیما کرمانی کو ملنے والی دھمکیوں ،حیسکو اور سیپکو کی کارکردگی کے حوالے سے وفاق کوایک مرتبہ پھر خط ارسال کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :