Live Updates

عمران خان مریم نواز کی سیاست میں انٹری سے خان صاحب کی ابھی سے ٹانگیں کانپنا شروع ہوگئی ہیں ،ْطلال چوہدری

تحریک انصاف لندن فلیٹس اور مریم کی کفالت سے متعلق ایک ثبوت بھی عدالت میں پیش نہیں کرسکی ،ْمیڈیا سے گفتگو

بدھ 25 جنوری 2017 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان مریم نواز کی سیاست میں انٹری سے خوفزدہ ہیں، خان صاحب کی ابھی سے ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں، تحریک انصاف لندن فلیٹس اور مریم کی کفالت سے متعلق ایک ثبوت بھی عدالت میں پیش نہیں کرسکی، پانچ سال کے بعد عمران خان قوم کو ایک درجن درجنوں دھرنے، سول نافرمانی اور ملک کا گیم چینجرمنصوبے میں رکاوٹوں کا منشور بتائیں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھر نوں اور میڈیا پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں اور ان کو قوم بھی سچ سمجھنے لگی تھی کہ واقعی 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی لیکن ہم نے ثابت کردیا کہ ن لیگ نے بجلی بنا نے، دہشت گردی ختم کرنے اورکرپشن ختم کرنے کا کام کیا ہے لیکن پھر ہم پر الزام لگا کر ہمیں عدالت لایا گیا لیکن ان جھوٹ کے پلندوں کا کس کو فائدہ ہوا۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو سول نافرمانی، سی پیک میں رکاوٹ اوردھرنوں کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں دیا لیکن جواب میں ہم نے 80فیصد دہشت گردی ملک سے ختم کی،2012ء کے مقابلے میں آج بجلی بحران کو دیکھا جائے تو آج ہم کہاں پر ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نوازشریف پر لندن فلیٹس کے ہونے اور مریم کی کفالت کا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکے ہیں اس لئے اب وہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں کیونکہ وہ مریم نواز کی سیاست میں انٹری سے خوفزدہ ہیں، ابھی تو وہ سیاست میں داخل بھی نہیں ہوئیں اور عمران خان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، یہ صرف مریم نواز کی سیاست میں داخل ہونے سے روکے جانے کی چال ہے۔

طلال چوہدری نے کہاکہ جب پانچ سال کے بعد عمران خان پھر قوم کے پاس ووٹ لینے کے لئے جائیں گے تو انہیں اپنا منشور بتائیں گے کہ انہوں نے ایک درجن دھرنے، ملک کے گیم چینجر منصوبے میں رکاوٹ اور پگڑیاں اچھالنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم نوازشریف پر جھوٹے الزامات کے باوجود نوازشریف نے اپنا آئینی استحقاق چھوڑا اور اپنی تین نسلوں کا عدالت میں حساب دیا، عمران خان کو اسی جھوٹی سیاست کی وجہ سے اگلے انتخابات میں شکست ہو گی جبکہ مسلم لیگ (ن) دوبارہ کامیاب ہو گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات