Live Updates

پاکستان کی ترقی کا دشمن عمران خان اصل میں نادان خان ہے ،ْعمران خان نے احترام انسانیت تو سیکھا ہی نہیں ،ْآصف کرمانی

عدالتیں آئین و قانون اور ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہیں جبکہ عمران خان قانون عمرانی کے تحت فیصلہ چاہتے ہیں، سراج الحق آزاد کشمیر میں نواز شریف کے نام پر حاصل کی گئیں دو نشستیں چھوڑ دیں یا عدالت میں جھوٹے بیان دینا بند کریں ،ْ خطاب

بدھ 25 جنوری 2017 19:45

پاکستان کی ترقی کا دشمن عمران خان اصل میں نادان خان ہے ،ْعمران خان نے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی زندگی کی کتاب کا ہر صفحہ عوامی خدمت سے عبارت ہے، پاکستان کی ترقی کا دشمن عمران خان اصل میں نادان خان ہے ،ْعمران خان نے احترام انسانیت تو سیکھا ہی نہیں، عدالتیں آئین و قانون اور ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہیں جبکہ عمران خان قانون عمرانی کے تحت فیصلہ چاہتے ہیں، سراج الحق آزاد کشمیر میں نواز شریف کے نام پر حاصل کی گئیں دو نشستیں چھوڑ دیں یا عدالت میں جھوٹے بیان دینا بند کریں۔

بدھ کو آبپارہ کمیونٹی سنٹر میں ’’نواز شریف زندہ باد‘‘ کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقین تھا کہ آندھی ہو یا طوفان نواز شریف کے پروانے کنونشن میں ضرور شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترقی کا سفر شروع کیا اور ملک میں بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی آ رہی ہے، انشاء الله 2018ء اور اس کے بعد بھی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آتے ہیں تو موٹر ویز بنتی ہیںاور بجلی کے کارخانے لگتے ہیں اسی لئے لوگ نواز شریف کو بار بار ووٹ دیتے ہیں کہ وہ ترقی کرتا ہے، لوگ آئندہ بھی نواز شریف کو بار بار ووٹ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نواز شریف دشمنی میں پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں، دھرنوں کے باعث سی پیک منصوبے 2 سال کی تاخیر کا شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرے والد نے قائداعظم محمد علی جناح کے ہاتھ پر بیعت کی اور میں نے محمد نواز شریف کے ہاتھ پر بیعت کی ہے۔ پاکستان کی ترقی کا دشمن یہ عمران خان نہیں نادان خان ہے اور اسے آئندہ سے نادان خان پکارا جائے، عمران خان نے ورلڈ کپ جیتا لیکن یہ ورلڈ کپ انہوں نے اکیلے نہیں جیتا تھا، اس کے پیچھے پوری ٹیم کا کردار تھا، انہیں مبارک ہو کہ وہ جھوٹ اور گالیوں کے حوالہ سے عالمی کپ جیت چکے ہیں اور ورلڈ گینیز بک میں نام لکھوانے کیلئے کوالیفائی کر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لال حویلی کی مثال ایسی ہے جیسے بیگانے کی شادی میں عبدالله دیوانہ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی، نواز شریف چاہتے ہیں کہ غریب کا بچہ بھی ڈاکٹر، انجینئر اور وکیل بنے۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں نہیں ،عمران خان کے بیانات سے ’’آکاش وانی‘‘ کا جھوٹا پراپیگنڈہ یاد آتا ہے، عمران خان وہ شخص ہے جس سے کسی کی عزت و وقار محفوظ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’سلسلہ عمرانی‘‘ کے گرو عمران خان ایک جنونی کیفیت کا نام ہے، وکلاء بتائیں کہ کیا مقدمہ کی سماعت کے دوران وکٹری کا نشان بنانا توہین عدالت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جہاز ترین‘‘ کہتا ہے کہ میری دولت کے پیچھے 30 سال کی محنت ہے، اسے نواز شریف کے والد کی کئی دہائیوں کی محنت نظر نہیں آتی، نواز شریف کی سیاست کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، نواز شریف کی زندگی کی کتاب کا ہر صفحہ عوامی خدمت سے عبارت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کو منتخب کیا تو انہوں نے دن رات ایک کر دیا، عمران کو بدزبانی اور غلیظ زبان استعمال کرنے کا کس نے اختیار دیا ہے، عمران خان نے احترام انسانیت تو سیکھا ہی نہیں، عدالتیںٹھوس ثبوتوں اور حقائق کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہیں جبکہ عمران خان قانون عمرانی کے تحت فیصلہ چاہتے ہیں، عمران خان نے عدالتوں کا احترام نہ کیا تو عوام گلی کوچوں میں ان کے سامنے دیوار بن جائیں گے، جہاز ترین آج چاند پر تھوک رہے ہیں، عمران خان نے احتساب کے کھوکھلے نعرے لگائے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے احتساب دفتر کو تالے ہی نہیں جالے بھی پڑ چکے ہیں، عمران خان کو خیبرپختونخوا کی طرف توجہ دینی چاہئے جہاں کے عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا تھا۔ انہوں نے ساڑھے تین سال تو خیبرپختونخوا کیلئے کچھ نہیں کیا لیکن عمران خان باقی ڈیڑھ سال کی مدت میں عوام کی خدمت ہی کر لیں، باقی مدت میں عوام کی خدمت ہی عمران خان کا سیاسی کفارہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا سیّد ابو الاعلی مودودی اپنے وقت کے امام غزالی تھے، ان کی اسلام کیلئے بڑی خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سراج الحق آپ مولانا مودودی کے پیروکار ہیں، لال حویلی والے کی تو سمجھ آتی ہے لیکن آپ کیسے گرو کی وین میں بیٹھ گئے ہیں، آپ بھی خیبرپختونخوا میں ہونے والی کرپشن کے حصہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آپ خیبرپختونخوا میں عمران خان کے اتحادی ہیں اور دوسری طرف جن کو آپ برا کہتے ہیں ان سے آپ نے آزاد کشمیر میں دو نشستیں بھیک میں حاصل کیں، سراج الحق آزاد کشمیر میں نواز شریف کے نام پر حاصل کی گئیں دو نشستیں چھوڑ دیں تاکہ ہم اپنے کسی کارکن کو ان دو نشستوں پر کامیاب کرائیں اور اگر نشستیں واپس نہیں کر سکتے تو عدالت میں جھوٹے بیان دینا بند کر دیں۔

اس موقع پر سی ڈی اے یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری یٰسین، مسلم لیگ یوتھ ونگ، ایم ایس ایف اور علاقائی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات