اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا 60فیصد کام مکمل کر لیا ،آئندہ تمام نئی سڑکوں کے نیچے سروس کو ری ڈور تعمیر کئے جائیں گے جہاں سے سوئی گیس ‘ٹیلی فون ‘پانی اور دیگر یوٹیلٹی سروسز کی لائنیں گزاری جا سکیں

سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان کا اجلاس سے خطاب

بدھ 25 جنوری 2017 19:41

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا 60فیصد کام مکمل کر لیا ،آئندہ تمام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جنوری2017ء) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا 60فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ‘تعمیر شدہ حصوں پر پودے لگانے کے لئے پی ایچ اے بلاتاخیر کام شروع کر دے‘نئی سڑکوں کو توڑ پھوڑ سے بچانے کے لئے آئندہ تعمیر کی جانے والے تمام نئی سڑکوں کے ساتھ زیر زمین سروس کو ری ڈور تعمیر کئے جائیں جہاں سے سوئی گیس ‘ٹیلی فون ‘پانی اور دیگر یوٹیلٹی سروسز کی لائنیں گزاری جا سکیں۔

تمام متعلقہ محکمے اورنج لائن منصوبے پر خرچ ہونے والے فنڈز کی رسیدیں اور حسابات بلاتاخیر حکومت پنجاب کو جمع کروائیں۔ بارش کے دنوں میں واسا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں خصوصی طور پر چوکس رہیں اور میٹرو ٹرین کے روٹ پر صفائی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

تعمیراتی کام والے علاقوں میں پراجیکٹ کی سیکورٹی انتظامات مزید بہتر بنانے کے لئے آئی جی پنجاب سے پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کی درخواست کی جائے گی ۔

وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے -اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 60فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا74.5 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 44.5فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 61.9فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا58.5 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ اجلاس میں ایم پی اے چودھری شہباز ‘مئیر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید‘ نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :