عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے ، پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجیسیز میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں یقینی بنائی جائیں گی، ہم نے ملکر کم وقت میں بہترین نتائج حاصل کرنا ہیں ،ذمہ داری کیساتھ فرائض سرانجام دینگے تو مریض بھی دعائیں دینگے، عام آدمی کو علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دونگا،دکھی انسانیت کیلئے پیٹ کاٹ کر بھی وسائل دینگے،ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کوضروری مشینری اورآلات مہیا کر کے یہاں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنایا جائیگا

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریفکا سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

بدھ 25 جنوری 2017 19:34

عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے ، پنجاب کے تمام سرکاری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کویہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میںتحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتالوںکی ایمرجنسیز میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کی تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں ایمرجنسیز میں بہترین علاج معالجہ کی فراہمی کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے اوراس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تحصیل و ضلعی ہسپتالوں کی ایمرجنسیزکو بہترسے بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے اورہسپتالوں کی ایمرجنسیوں کو بہترین علاج گاہوں میں بدلنے کیلئے بہترین ہیومن ریسورس کا انتخاب کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجیسیز میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں یقینی بنائی جائیں گی۔رواں برس جون تک 40 تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتالوں کی تنظیم نو کا عمل مکمل کرلیا جائے گااورہسپتالوں کی ایمرجنسیز کے ڈاکٹروں اورکنسلٹنٹس کو خصوصی مراعاتی پیکیج دیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ عام آدمی کو علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دوں گااوردکھی انسانیت کی خدمت کیلئے پیٹ کاٹ کر بھی وسائل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کوضروری مشینری اورآلات مہیا کر کے یہاں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔ہم نے ملکر کم وقت میں بہترین نتائج حاصل کرنا ہیں ۔ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے تو مریض بھی دعائیں دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی ہسپتالوں میں سٹی سکین مشینوں کی سہولت بھی رواں برس فراہم کردی جائے گی،اب غریب مریضوں کو سٹی سکین کیلئے دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔

ضلعی ہسپتالوں میں سٹی سکین مشینوں کی فراہمی سے لوگوں کو 24گھنٹے سٹی سکین کی سہولت حاصل ہوگی۔انہوںنے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو عوام کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے والا نظام بنانا ہے ۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کا جتنا بڑا چیلنج ہے ،اتناہی بڑا ہمارا عزم بھی ہے ۔ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں معیاری علاج معالجہ کی سہولتوں کے حوالے سے حتمی سفارشات چند روز کے اندر پیش کی جائیں اورمحکمہ صحت کی استعداد کاربڑھانے کیلئے بھی فوری اقدامات کیے جائیں ۔

انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ محنت ،عزم اورجذبے کیساتھ کی گئی کاوشیں ضرور کامیاب ہوں گی اور ہم سرخروہوں گے۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری سپیشلائزڈو میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :