ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے حکومت کی شفافیت کی پالیسی پر مہر تصدیق ثبت کردی، رپورٹ 20 کروڑ عوام کیلئے ایک اعزاز ہے، عالمی ادارہ کی رپورٹ کرپشن کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تائید ہے، پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کا کریڈٹ وزیراعظم کی قیادت میںموجودہ حکومت کو جاتا ہے،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنا کر اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں، موجودہ حکومت کے دامن پر کرپشن کا ایک بھی سکینڈل نہیں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل

بدھ 25 جنوری 2017 19:34

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے حکومت کی شفافیت کی پالیسی پر مہر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ برلن سے جاری ہونیوالی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی شفافیت کی پالیسی پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت کردی ہے اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی یہ رپورٹ نہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلکہ 20 کروڑ عوام کیلئے ایک اعزاز ہے۔

رپورٹ نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ حکومت نے شفافیت کو ہر سطح پر فروغ دیا ہے اورخوشی کی بات ہے کہ جنوبی ایشیا میں چین کے بعد پاکستان کرپشن میں کمی کے حوالے سے دوسرے نمبر پرہے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میںوزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ عالمی ادارہ کی حالیہ رپورٹ کرپشن کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تائید ہے اور پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میںمسلم لیگ(ن) کی حکومت کو جاتا ہے بلاشبہ عالمی ادارہ کی جانب سے حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں کا اعتراف خوش آئندہے، کرپشن میں کمی اورشفافیت میں بہتری کے حوالے سے درجہ بندی میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 176 ممالک میںشفافیت کے لحاظ سے 9 درجے ترقی کے بعد پاکستان116 ویں نمبر پر آ گیاہے۔پاکستان میں کرپشن میں کمی کے حوالے سے 9 درجے بہتری موجودہ حکومت کی رشوت ستانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میںپاکستان مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ کرپشن کا ایک بھی سکینڈل اس کے دامن پر نہیںاورپاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنا کر اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ۔ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قابل ستائش اقدامات سمیت شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ شفافیت کے فروغ، کرپشن کے خاتمے اور بہتر خدمات کی فراہمی کی پالیسی کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہترہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ رشوت ستانی کے خاتمے کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے ایک بار پھرکرپشن میں کمی اورشفافیت کے فروغ کیلئے لانے کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی تصدیق ہوئی ہے۔