نوجوان قوم کا روشن مستقبل ہیں،ان پر جتنی سرمایہ کاری کرینگے، پاکستان اتنی تیزی سے ترقی کریگا،حکومت پنجاب نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں، گرائونڈز میں کھیلو ںکی سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے،صوبے میں کھیلو ںکے انفراسٹرکچر کو ہنگامی بنیادو ںپر بہتر بنایا جا رہا ہے،جاری سکیموں کو 30 جون تک مکمل کیا جائے

ْ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کھیلوں کے فروغ کے پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب

بدھ 25 جنوری 2017 19:34

نوجوان قوم کا روشن مستقبل ہیں،ان پر جتنی سرمایہ کاری کرینگے، پاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور قوم کا روشن مستقبل ہیں اور پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔نوجوانوں پر جتنی سرمایہ کاری کریں گے پاکستان اتنی تیزی سے ترقی کرے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صوبے میں نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کھیلوں کے فروغ کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلو ںکے انفراسٹرکچر کو ہنگامی بنیادو ںپر بہتر بنایا جا رہا ہے اور گرائونڈز میں کھیلو ںکی سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کھیلوں کے فروغ کیلئے جاری سکیموں کو 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے جس طرح دیگر منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور شفافیت کو فروغ دیا ہے اسی اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے کھیلوں کی سکیموں کو مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے سپورٹس مکمل طور پر خودمختار ہے لہٰذا کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے از خود فیصلے کرکے ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میںنتیجہ خیز پیش رفت یقینی بنائی جائے کیونکہ مجھے صرف نتائج چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس سمری بھجوانے کی کوئی ضرورت نہیں۔صرف انتہائی اہم نوعیت کے معاملات کے حوالے سے میری اجازت لی جائے۔

انہو ںنے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے سپورٹس کو محنت اور عزم کے ساتھ آگے کی جانب بڑھنا ہے اور ہم نوجوانوں کو جتنا بااختیار بنائیں گے اس کا پھل اتنا ہی میٹھا ہوگا۔ صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس حنیف عباسی ماڈل ٹائون سے اجلاس میں شریک ہوئے۔