مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کابلوچستان میں پر تپاک استقبال

لسبیلہ اور حب میں دفاتر کا افتتاح عوامی اجتماعات سے خطاب

منگل 24 جنوری 2017 23:43

مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کابلوچستان میں پر تپاک استقبال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) چیئر مین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان بھر میں ہمیں کسی بھی انسان سے دشمنی نہیں کرنی اور ایک دوسرے کے خوشی اور غم بانٹنے ہیں،آج سے 10 ماہ قبل شروع ہونے والا قافلہ ملک کے کونے کونے میں پھیل گیا ہے اور آج بلوچستان کے عوام نے جس دلی محبت کا ثبوت دیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر اپنے بچوں کیلئے خوشیاں چاہئے تو دوسروں کی خوشی کیلئے کام کرنا پڑے گا اسی طرح اگر مہاجروں کو اپنے گھر میں خوشی چاہئے تو بلوچ، پنجابی پختون اور دیگر قومیتوں کا خیال رکھنا پڑے گا،وہ منگل کو بلوچستان کے علاقوںلسبیلہ اور حب میں دفاتر کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پرسید مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کا بلوچستان کی عوام نے پرتپاک استقبال کرتے ہوئے بلوچی پگھ( پگڑی) بھی پہنائی گئی۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے اس موقع پر کہاکہ آپس میں لڑ کے مرنے سے اچھاہے کہ آپس میں جڑ کر رہا جائے، جس دن ہم سب ایک ہوگئے اس دن ہمارے مسائل خود حل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کا کرم اور احسان ہے کہ پی ایس پی کا پورے پاکستان کے ہر شہر میں تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے، حیدرآباد کے پکا قلعہ میں 30 سالوں سے کوئی غیر مہاجر قدم نہیں رکھ سکتا تھا وہاں پی ایس پی نے سب کو گلے ملوایا اور قومی و ملی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

قوم نے اب لڑائی یا تفرقہ پھیلانے والوں کو مسترد کردیا ہے ،ملک میں اب لاشوں کی سیاست نہیں چلے گی اورقوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ امن اور محبت کے ساتھ مل جل کر رہنا ہے۔ انہوں نے کامیاب پرو گرام کے انعقاد پر پاک سرزمین پارٹی بلوچستان کے آرگنائزر عطاء اللہ کرد سمیت تمام عہدید اران و کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔بعدا زاں چیئرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال نے اورنگی ٹاؤن کا ہنگامی دورہ کیا جہاںپر موجود لوگوں سے ملاقات کی 29 جنوری کو تبت سینٹر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی اور پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔ اس مو قع پراورنگی ٹاؤن کی عوام کی جانب سے جلسے میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :