صوبائی حکومت نے بھی کسی کی رائے کو بلڈوز نہیں کیا؛پرویزخٹک

منگل 24 جنوری 2017 23:35

صوبائی حکومت نے بھی کسی کی رائے کو بلڈوز نہیں کیا؛پرویزخٹک
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سپیکر چیمبر خیبرپختونخوا اسمبلی گئے جہاں انہوںنے پارلیمانی رہنمائوں کا قانون سازی کے عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ قانون سازی کے مجموعی عمل میں پارلیمانی رہنمائوں خصوصاً اپوزیشن اراکین کا تعاون قابل تحسین ہے۔صوبائی حکومت نے بھی کسی کی رائے کو بلڈوز نہیں کیا۔

ہم نے جملہ قانون سازی اپوزیشن کو ساتھ لے کر کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قانون سازی کے مجموعی عمل میں قومی مفاد کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ہماری قانون سازی کا مقصد اداروں کو صحیح معنوں میں فعال بنا کر عوام کو خدمات اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ہم ایک ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جو کل وقتی طور پر عوام کا خدمتگار ہو ۔

(جاری ہے)

ماضی میں ذاتی پسند و ناپسند پرمبنی فیصلوں نے اداروں کو تباہ کیا ۔

عوام کا اعتماد اداروں سے اُٹھ چکا تھا ۔ہماری اصلاحات کی وجہ سے اب ادارے عوام کی خدمت کرنے لگے ہیں ، میرٹ اور قانون کی بالاد ستی قائم ہو ئی ہے ۔نتیجتاًعوام کا اداروں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ ہم اپنے اصلاحاتی اقدامات کو قانون سازی کے ذریعے دیر پا اور کل وقتی طور پر فعال بنانا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ اداروں میں سیاسی مداخلت اور وسائل واختیارات کے ذاتی مفاد میں استعمال کے آگے بند باندھا جا سکے ۔ہم ایک ایسا مربوط نظام چاہتے ہیں جو ڈیلیور کر سکے جس میں حقدار کو اُس کا حق آسانی سے مل سکے ۔ انصاف ہو ، میرٹ کی بالادستی ہو اور کسی کے ساتھ ظلم اور ناانصافی نہ ہو سکے۔