متو قع بارشوں میں اپنی مدد آپ کے تحت شہرمیں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے کاموںکی مکمل نگرانی کی جائے

ڈاکٹر فاروق ستار کی میئر کراچی وسیم اختر، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا، ڈسٹرکٹ ویوسی چیئرمینزکو ہدایت متعلقہ ادارے اور سندھ حکومت منتخب بلدیاتی نمائندگان کیساتھ مکمل تعاون کرے ،تمام ضروری مشینری فراہم کی جائیں،مطالبہ

منگل 24 جنوری 2017 23:23

متو قع بارشوں میں اپنی مدد آپ کے تحت شہرمیں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے محکمہٴ موسمیات کی جانب سے کراچی میں بدھ کے روز سے شروع ہونے والی متوقع بارشوں کے پیش نظرحق پرست میئر کراچی وسیم اختر، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا، حق پرست ڈسٹرکٹ چیئرمینز ریحان ہاشمی، معید انور، نیئر رضا اور تمام حق پرست یوسی چیئرمینز اور وائس چیئرمینزکوہدایت دی ہیں کہ وہ متو قع بارشوں میں اپنی مدد آپ کے تحت شہرمیں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے کاموںکی مکمل نگرانی کریں ۔

کنونیر ایم کیو ایم (پاکستان)ڈاکٹر محمدفاروق ستار نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے عوام سے ماہانہ کروڑوں روپے بلز و دیگر ٹیکس کی مد میں لینے کے باوجود گزشتہ بارشوں میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ نہ ہی کسی قسم کی معاونت کی تھی اور نہ ہی نکاسی آب کیلئے مشینری فراہم کیںتاہم کراچی میں مزید متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے اور سندھ حکومت بھی منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور انھیں تمام ضروری مشینری فراہم کریں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور وسائل فراہم کئے جائیں اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ حسب سابق آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت مقامی حکومت کے ماتحت کیا جائے تاکہ یہ منتخب بلدیاتی نمائندے حا لیہ متو قع با رشوںمیں عوام کی خدمت کرسکیں۔