خواتین اعتماد میں اضافہ کیلئے صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کرتجاری سرگرمیوں میں حصہ لیں

صدر ممنون حسین کی شہلا جاوید اکرم کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے ویمن چیمبر آف کامرس لاہور کے وفد سے گفتگو

منگل 24 جنوری 2017 22:49

خواتین اعتماد میں اضافہ کیلئے صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کرتجاری سرگرمیوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خواتین صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کرتجاری سرگرمیوں میں حصہ لیں اور مقابلے کی فضا میں کام کریں تاکہ اٴْن کے اعتماد میں اضافہ ہو۔ وہ منگل کو ایوان صدر میں شہلا جاوید اکرم کی سربراہی میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جس میں وویمن چیمبر کی صدر شازیہ سلیمان بھی شامل تھیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو کاروبار کی زیادہ سے زیادہ مالی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ خواتین کو کاروبار کے مواقع مل سکیں۔ انھوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کاروبار کیا جائے اس میں ایمانداری اور سچائی اختیار کی جائے کیونکہ اس کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ تجارت اور کاروبار کی ترقی کے لیے ضرور ی ہے کہ سوسائٹی کو بدعنوانی سے پاک کیا جائے اور ایسے عناصر کو منظر عام پر لایا جائے تاکہ انھیں کڑی سے کڑی سزا دی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بڑا موثر کردار ادا کر سکتی ہیں کیونکہ نئی نسل کی تربیت کا فریضہ خواتین ہی انجام دیتی ہیں۔صدر مملکت نے خواتین کے کاروبار کی ترقی کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان سے بھی ترقیاتی بجٹ میں حصہ رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے وفد کو بتا یا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی منظور شدہ لیبارٹری بہت جلد اپنا کام شروع کر دے گی جس سے بہت سے شعبو ں میں مدد ملے گی۔صدر مملکت نے وزارت تجارت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ خواتین کی دلچسپی کے کاروبار کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کریں اور وویمن چیمبر کے لیے ریسرچ ونگ کے قیام کے لیے تعاون کریں۔انھوں نے اس موقع پر کہا کہ خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ اس شعبے میں وہ تیزی سے آگے بڑھ سکیں۔