اسلام کے حقیقی چہرے کومسخ کرنیوالے منفی تاثرکاخاتمہ ناگزیرہے،امیرمقام

منگل 24 جنوری 2017 22:23

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ پورے عالم اسلام کو ملکر امت مسلمہ کیخلاف اس منفی تاثر ختم کوکرنا ہوگاجو اسلام کے حقیقی چہرے کومسخ کررہی ہے، حرمین شریفین کی حفاظت بحیثیت مسلمان ہم پر فرض ہے، پاکستانیوں نے پہلے بھی کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیںکیااور آئندہ بھی ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

پاکستان میں اگر کوئی چیز غیر متنازعہ ہے تو وہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ہے جو انشا اللہ ہمیشہ قائم ودائم رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی میں دہشت گردی اور امت مسلمہ کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے وفاقی حکومت کے نمائندے کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انجینئرامیرمقام نے کہاکہ سعودی عرب کی جیلوں میں جو پاکستانی قید ہیں انکی رہائی میں سعودی حکومت خصوصی مدد کرے کیونکہ انکی وجہ سے نہ صرف وہ لوگ مشکل میں ہیںبلکہ پاکستان میں موجود انکے ہزاروں لواحقین غم سے نڈھال ہیں ۔

اس موقع پر انہوں نے اسلامی رابطہ تنظیم کے سیکریٹری جنرل محمد عبد الکریم الا عیسیٰ کو پاکستان حکومت اور عوام کی طرف سے خوش آمدید کہا اور انہیںدہشت گردی کے خلاف سیمینا ر منعقدکرانے پر مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے اس عہد کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کریں گے۔اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ساتھ ساتھ ان پر زور دیا کہ مذہبی تعلیمات کے ساتھ ساتھ جدید علوم پر بھی توجہ برقرار رکھی جائے تا کہ مسلم امہ جدید علوم میں بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔

سیمینار سے اسلامی رابطہ تنظیم کے سیکریٹری جنرل محمد عبد الکریم الا عیسیٰ ،اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف درویش اسلامک انٹر نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر یاسین زئی ڈپٹی چیرمین سینیٹ عبد الغفور حیدری مولانا سمیع الحق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :