ْوزیر اعظم صاحب جنوبی پنجاب کے عوام آپ کی حکومت کے امتیازی رویے کا شکار ہیں،تحریک انصاف

کاشتکار کو آپ کی حکومت بھیک مانگنے پر مجبور کر رہی ہے، ملک بھر کے کسانوں پر زمین تنگ کر رکھی ہے،بیان

منگل 24 جنوری 2017 21:54

ْوزیر اعظم صاحب جنوبی پنجاب کے عوام آپ کی حکومت کے امتیازی رویے کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) )تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی آج کی گفتگو سے ان کے اعصاب پر موجود دباو کا اظہار ہوتا ہے۔وزیر اعظم کے خیالات سے واضح ہوا کہ حزب اختلاف کے خلاف بدزبانی کو انکی آشیرباد حاصل ہے۔وزیراعظم کی تقریر کے ردعمل میںجاری بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نے کہاہے کہ وزیر اعظم کو جن معاملات پر شکایات ہیں وہ خود انکے پیدا کردہ ہیں۔

پانامہ پر قوم کے جائز سوالات کے جواب دیتے تو انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ ہوتا۔یہ تو ممکن نہیں کہ وزیر اعظم قوم اور پارلیمان سے جھوٹ بولیں اور توقع کریں کہ ان سے باز پرس نہ کی جائے۔ بدقسمتی سے وزیر اعظم حقائق سے نظریں چرانے پر بضد ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ جنوبی پنجاب کے عوام وزیر اعظم حکومت کے امتیازی رویے کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کے امتیازی سلوک نے جنوبی پنجاب کے عوام کی عزت نفس مجروح کی ہے۔

جاری کیئے جانے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ملتان اور گرد و نواح ہی نہیں ملک بھر کے کسانوں پر زمین تنگ کر رکھی ہے۔ملک معیشت میں اپنا حصہ ادا کرنے والے کاشتکار کو حکومت بھیک مانگنے پر مجبور کر رہی ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ ملک کے کھلیانوں میں ہریالی کی بجائے افلاس اگتا ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام میٹرو سے کہیں زیادہ وسائل میں منصفانہ حصے کے حقدار ہیں۔وزیر اعظم نے خود تسلیم کیا کہ میٹرو منصوبے خزانے پر ناروا بوجھ ہیں۔