ملتان میٹرو بس سسٹم کی افتتاحی تقریب کی جھلکیاں

منگل 24 جنوری 2017 21:23

ملتان میٹرو بس سسٹم کی افتتاحی تقریب کی جھلکیاں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) * وزیر اعظم پاکستان میں محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے ہمراہ ملتان میٹرو بس سسٹم کا افتتاح کیا ۔ افتتاح کے لئے جب وزیر اعظم پاکستان چونگی نمبر9پہنچے تو صوبائی وزراء ،ملتان سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر بچوں نے وزیر اعظم پاکستان کوگلدستے پیش کئی-*وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ، صوبائی وزراء ، ممبران وقومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ میٹرو بسوں میں سوار ہو کر چونگی نمبر 9 سے میٹرو بس سٹیشن بہائوالدین زکریونیورسٹی تک کا سفر کیا۔

(جاری ہے)

*اس موقع پر میٹرو بسوں میں ملی نغمے گونج رہے تھے۔

میٹرو بس سٹیشنز کے ساتھ لگائے گئے فوارے اور رنگ برنگی لائٹس خوبصورت منظر پیش کر رہی تھیں۔میٹرو بس سٹیشنز پر خوبصورت انواع و اقسام کے پھول ماحول کو معطر ، فضا کو پاکیزہ اور دیکھنے والوں کو طمانیت دے رہے تھے ۔*میٹرو بس سٹیشنوں کو انتہائی خوبصورتی سے رنگ برنگے غباروں خوش آمدید کے بینرز ، سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ میٹرو سٹیشنز تک خوبصورت لباس زیب تن کئے ہوئے بچے قطار در قطار کھڑے تھے جن کے ہاتھوں میں پاکستان کے پرچم تھے۔

جیسے ہی میٹرو بس سٹیشن پر پہنچتی وہاں پر موجودلوگ ڈھول کی تھاپ پر اوربچے پاکستانی پرچم لہرا کر وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بھرپور انداز میں استقبال کرتے اور فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھتی۔* وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب ہاتھ لہرا کر نعروں کا جواب دیتے۔ اس موقع پر ملتان کے رہائشی میٹرو بس سروس کے افتتاحی منظر کو انتہائی خوشی، مسرت اور پرامید انداز میں دیکھ رہے تھے، ان کے چہروں پر ترقی کے ایک نئے سفر کا آغازعیاں تھاکہ ان کا شہر ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اور اب انہیںجدید بین الاقوامی سطح کی سفری سہولت میسر آئے گی۔

*وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے ملتان میٹرو بس سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدینتہ الاولیاء ملتان میں میٹرو بس منصوبہ ایک انتہائی بہترین منصوبہ ہے جس سے قدیم اور جدید ملتان میں ایک خوبصورت امتزاج پیدا ہوگیا ہے۔*وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ویل ڈن شہبازشریف۔ویری گڈ‘‘ اس پر وزیراعلیٰ پنجاب احتراماً کھڑے ہوگئے اور بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کا جناح ہال کافی دیر تک تالیوںسے گونجتا رہا۔

*وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پرجوش انداز سے تقریب سے خطاب کیا اور عوام کے فلاحی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں پر بھرپور وار کئی- *وفاقی وزیر خوراک سکندر حیات بوسن اور نو منتخب میئر ملتان نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ کمشنر ملتان نے میٹرو بس منصوبے کے خدو خال پر روشنی ڈالی- *ملتان میٹرو بس منصوبے پر28۔ارب88کروڑ روپے لاگت آئی ہے جس میں متاثرین کو ادا کئے جانے والی4۔

ارب23کروڑ روپے شامل ہیں۔ *ساڑھے اٹھارہ کلومیٹرطویل میٹرو بس ٹریک کا ساڑھے بارہ کلومیٹر حصہ فلائی اوور پر مشتمل ہے جو کہ پاکستان کا طویل ترین فلائی اوور ہے۔ میٹرو بس ٹریک پر 21میٹرو بس اسٹیشنز تعمیر کئے گئے ہیں۔ *ایک سروے کے مطابق روزانہ تقریباً95ہزار افراد اس پر سفر کریں گے۔ میٹرو بس منصوبے کے ٹریک پر ایک سو سے زائد نجی اور سرکاری سکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں واقع ہیں اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ طلباء و طالبات کو ہوگا اور والدین پر بچوں کا مالی بوجھ کم ہوگا۔

* ملتان میٹرو بس روٹ پر ابتدائی طور پر 35بسیں چلائی جارہی ہیں جن کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔میٹرو بس روٹ کی لینڈ سکیپنگ پر 14کروڑ 60لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔* بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے جناح ہال میں منعقدہ ملتان میٹروبس سسٹم کی افتتاحی تقریب میں وفاقی و صوبائی وزراء ، ارکین قومی و صوبائی اسمبلی ، چیف سیکرٹری پنجاب،پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :