سی پیک منصوبہ سے ملک بھر کو فائدہ ہوگا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لاکھوں مستحق خواتین اور طلباء فائدہ حاصل کر رہے ہیں،ماروی میمن

منگل 24 جنوری 2017 18:51

سی پیک منصوبہ سے ملک بھر کو فائدہ ہوگا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ..
ٹنڈومحمدخان - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ سے ملک بھر کو فائدہ ہوگا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لاکھوں مستحق خواتین اور طلباء فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو تعلقہ بلڑی شاہ کریم کے گائوں علی بخش رند میں وظیفہ حاصل کرنے والی مستحق خواتین اور طلباء سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کایہاں آنے کا مقصد بینظیم انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ حاصل کرنے والی مستحق خواتین کے مسائل سننا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ عمران خان پہلے بھی جوڈیشل کمیشن میں اپنا وقت برباد کر چکے ہیں اور اب بھی وہ صرف اپنا وقت ہی برباد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کا ملک بھر کو فائدہ حاصل ہوگا جس سے ترقی کو فروغ ملے گا اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ 5.4 ملین لوگ بی آئی ایس پی سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں اور رواںسال اس کو بائیو میٹرک پر لایا جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان وفاق سمیت تمام صوبوں کا کام ہے جس پر سب کو کام کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت فی عورت کو سہ ماہی 4834 روپے اور سہ ماہی فی طالب علم کو 750 روپے دیئے جاتے ہیں۔ گورنر سندھ کے نام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ماروی میمن نے کہا کہ یہ ملین ڈالر سوال ہے اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف جس کو چاہینگے گورنر مقرر کریں گے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مردم شماری وقت پر اور صاف شفاف طریقے سے ہوگی اور گذشتہ مردم شماری بھی (ن) لیگ نے ہی کرائی تھی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ پی ٹی آئی اور پی پی پی والے ہمارے وفاقی وزراء کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں انہیں چاہیے کے وہ اپنے اپنے صوبوںمیں جا کر ترقیاتی کام کریں اور انتخابات کی تیاریاں کریں۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا نام کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں کیا جائے گا تاہم اسکی بہتری کے لیے کام جاری رہے گا اور (ن) لیگ ناموں کی تبدیلی پر نہیں بلکہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت 30 سے 115 ارب روپے مستحقوں میں دیئے جا رہے ہیں اور پہلے مستحق افراد کو وقت پر یہ وظیفہ نہیں ملتا تھا جو اب وقت پر دیا جا رہا ہے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا پارلیامینٹ میں آنا بہتر عمل ہے جس سے سیاست کو بہتری ملے گی اور جو جمہوریت کے لیے بھی بہتر ہے۔ سندھ اسیمبلی میں ہونے والا واقعہ کسی بھی صورت میںقابل قبول نہیں ہے اور اس طرح کے واقعات نہ صرف سندھ بلکہ کسی بھی جگہ ہوجاتے ہیں جن کو روکنے کے لیے اقدام اٹھانے پڑینگے۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی حیدرآباد مس سمیہ ، محمد اسحاق نائیچ و دیگران بھی ماروی میمن کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :