موسم بہار کی شجرکاری مہم کا ملک بھر میں آغاز 9 فروری کو کیا جائے گا، وفاقی وزیر زاہد حامد

پیر 23 جنوری 2017 23:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے موسم بہار2017ء کی شجرکاری مہم کے سلسلہ میں بین الصوبائی اور بین المحکمہ جاتی اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر نے 2016 ء میں شجر کاری کیلئے سرکاری اور نجی شعبہ کے اداروں تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم 2017ء کا ملک بھر میں آغاز 9 فروری کو کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مشترکہ مفادات کی کونسل نے جنگلات بارے قومی پالیسی کی منظوری دیدی ہے، یہ تمام صوبوں کی حمایت سے تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم برائے 2017ء پر نئی فاریسٹ پالیسی اور وزیراعظم کے گرین پاکستان پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے عملدرآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

موسمیاتی تبدیلی اور گرین پاکستان پروگرام بارے وزیراعظم کے فوکل پرسن رضوان محبوب نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ گرین پاکستان پروگرام صوبوں اور وفاقی اکائیوں کو فنڈز جاری کئے جانے کے آخری مرحلے میں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پلاننگ کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں 20 فیصد پودے لگائے جائیں اور موسم بہار2017ء کی شجر کاری مہم میں منتخب نمائندوں کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو مزید بتایا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم 2017ء میں شجرکاری بارے شعور و آگاہی اور مہم کی مانیٹرنگ کا میکنزم بھی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2016ء کے دوران محکمہ جنگلات پنجاب کیلئی9 ملین درختوں کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور پنجاب کی پیشرفت کی شرح 13.9 ملین ہے۔

سندھ محکمہ جنگلات کیلئے 10 ملین کا ہدف مقرر کیا گیا اور 7.2 ملین درخت لگائے گئے۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ جنگلات کا ہدف 70 ملین تھا جو کہ 83 فیصد پورا ہوا۔ بلوچستان میں 0.7 ملین پودے لگانے کا ہدف تھا اور 0.28 ملین حاصل کیا گیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ جنگلات نے اجلاس میں بتایا کہ ایک ملین کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور958 0. ملین حاصل کیا گیا۔

گلگت بلتستان کے محکمہ جنگلات کیلئے ایک ملین کا ہدف مقرر کیا گیا، فاٹا کے محکمہ جنگلات کیلئے 0.86 ملین کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ 3.115 ملین درخت لگائے گئے۔ اجلاس کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی، وزارت دفاع، ہیوی انڈسٹری پاکستان ٹوبیکو کمپنی، کامرہ ایئر بیس اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں نے بھی اپنی اپنی کامیابیوں کے بارے میں بتایا۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی اور گرین پاکستان پروگرام بارے وزیراعظم کے فوکل پرسن رضوان محبوب، وفاقی سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی سید احمد ابو عاکف، انسپکٹر جنرل فاریسٹس سیّد محمود ناصر اور وفاقی، صوبائی محکموں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، آئی یو سی این، وزارت دفاع، سی ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :