بھارت چنائے میں فسادات پھوٹ پڑے ،144نافذ ، فوج بھیجنے کا فیصلہ

آرڈیننس 6 ماہ بعد منسوخ ہو جائے گا اس لئے حکومت اس کے لئے مستقل قانون بنائے، مظاہرین

پیر 23 جنوری 2017 18:53

بھارت چنائے میں فسادات پھوٹ پڑے ،144نافذ ، فوج بھیجنے کا فیصلہ

چنائے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) ریاست تامل ناڈو میں روایتی کھیل جلی کٹو پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرے پرتشدد شکل اختیار کرگئے ہیں اور چنائے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جبکہ مرکز نے شہر میں فوج بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے مقبول روایتی کھیل (جلی کٹو) پر بھارتی سپریم کورٹ نے پابندی کا فیصلہ دیا تھا لیکن ریاست بھر میں کھیل پر پابندی کے خلاف مظاہروں کے بعد حکومت نے ایک آرڈیننس منظور کرکے اس روایتی کھیل کی اجازت دے دی تھی تاہم مظاہرین اس کے مستقل حل کے لئے اب بھی ڈٹے ہیں اور جلی کٹو پر پابندی کے خلاف 6 روز سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ آرڈیننس 6 ماہ بعد منسوخ ہو جائے گا اس لئے حکومت اس کے لئے مستقل قانون بنائے۔

(جاری ہے)

احتجاج ختم کرانے کے لئے پولیس نے ساحل زمندر سے مظاہرین کو جبراً ہٹانا شروع کردیا اور دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ بھی کی اور کا کچھ علاقہ خالی بھی کرالیا۔پولیس کریک ڈاؤن کے بعد چنئی کے مختلف علاقوں میں صورتحال بگڑ گئی اوراحتجاج نے پرتشدد شکل اختیار کرلی، مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اورمتعدد گاڑیاں نذر آتش کردیں، چنئی میں خراب صورتحال کے باعث دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے پورے علاقے میں بھاری تعداد میں پولیس فورس کوتعینات کر دیا گیا ہے جبکہ مرکز نے چنئی میں فوج بھیجنے پرغور شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ تامل ناڈو میں فصلوں کی کٹائی کے تہوار پر غصیلے بیلوں کو قابو کرنے کے روایتی کھیل کو جلی کٹو کہا جاتا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :