پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ء میں خوشحال پاکستان کے ساتھ عوام کے پاس جائے گی ، مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے کارکردگی کی بدولت شکست سے دوچار کریں گے، سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر

پیر 23 جنوری 2017 17:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے چیئرمین سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) لوڈ شیڈنگ، توانائی کے بحران اور دہشت گردی پر قابو پانے سمیت دیگر قومی مسائل کو حل کرتے ہوئے 2018ء میں خوشحال پاکستان کے ساتھ عوام کے پاس جائے گی ،ْ مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے کارکردگی کی بدولت شکست سے دوچار کریں گے‘ بلوچستان کراچی اور فاٹا میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کا کریڈیٹ پاک فوج، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، معیشت کی بحالی اور روزگار کی فراہمی وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں قائم حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ عوام کا معیار زندگی بلندکرنے اور الیکشن میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے ملک بھر میں نئے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کا قیام، ہیلتھ انشورنس کارڈز، وزیراعظم یوتھ لون اسکیم جیسے منصوبوں کا اجراء کیا گیا ہے۔

سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اورملک میں جمہوری نظام کا تسلسل قائم ہو چکا ہے۔ اس لئے فیصلے سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں۔ انہوںنے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ آنے والے الیکشن کی تیاری کریں اور اپنا مقدمہ عوامی عدالت میں پیش کریں تاکہ دود ھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔