2016کے عوامی انتفاضہ سے دہلی کو واضح اور ٹھوس پیغام گیا ہے‘ سید علی گیلانی

تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور رہاکیا جائی:مجلس شوریٰ حریت کانفرنس کا مطالبہ

پیر 23 جنوری 2017 14:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ 2016 ء کے عوامی انتفادہ سے بھارت کو واضح اور ٹھوس پیغام گیا ہے کہ کشمیری کسی صورت میں بھارت کے جبری قبضے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں اور وہ حصولِ مقصد تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے حیدر پورہ سرینگر میں حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتفادہ کے اس مرحلے نے ثابت کیا ہے کہ بھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے نہ کشمیریوں کے حوصلے توڑ سکتا ہے اور نہ انہیں شکست دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہلی والوں نے کشمیر کی صورتحال سے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں لیکن اس سے نہ زمینی حقائق کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور نہ عالمی برادری کو دھوکہ دیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے عوام سے اپیل کی کہ جس جذبے اور حوصلے کا مظاہرہ انہوں نے 2016ء کے عوامی انتفادہ کے دوران کیا، اس کو آئندہ کے مراحل میں بھی برقرار رکھیں اور بھارت نواز ایجنٹوں کی چالوں سے خبردار رہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ایک چھوٹی سی کوتاہی آزادی کی منزل کو دور لے جائے گی اور قربانیوں کے سلسلے کو دراز کرے گی۔ انہوںنے ارکان مجلس شوریٰ کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مربوط رہنے کی کوشش کریں۔مجلس شوریٰ میں تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاگیاکہ اگر چہ نظربندوں کی رہائی کے کھوکھلے اعلانات کئے جارہے ہیں لیکن اس کے برعکس لوگوں کوگرفتار کرنے اور انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اجلاس میں جدوجہدِ آزادی سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ یہ سات ماہ کے عرصے میںسید علی گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہونے والا مجلس شوریٰ کا پہلااجلاس ہے۔قابض انتظامیہ نے اپنے گھر میںنظر بند شبیر احمد شاہ کو اجلاس میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی۔

متعلقہ عنوان :