چک 8 شہباز نگر میں دستیاب چار کنال اراضی پر پرائمری سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر

اتوار 22 جنوری 2017 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ چک 8 شہباز نگر میں دستیاب چار کنال سرکاری اراضی پر پرائمری سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لئے متعلقہ اقدامات تیز رفتاری سے نمٹائے جائیں گے تاکہ آبادی کے بچوں کو تعلیم کے حصول میں درپیش مشکلات کا ازالہ ہو، انہوں نے یہ بات چک 8 شہباز نگر کا دورہ کرتے ہوئے کہی ۔

ایڈمن آفیسر ڈی سی آفس ریاض حسین انجم ‘کیلاش گروپ کے فرخ زمان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے، -ڈپٹی کمشنر نے شہباز نگر میں دستیاب اراضی کا معائنہ کیا اور سکول کے قیام کے سلسلے میں ضروری امور کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ درکار تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لے کر انہیں جامع رپورٹ فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چک 8 شہباز نگرمیں نان فارمل بیسک ایجوکیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں زیر تعلیم بچوں کے لئے فرنیچر کی فراہمی کا اعلان کیا ۔

انہوں نے ایجوکیشن سنٹر کے مسائل کے حل میں خصوصی اقدامات پر کیلاش گروپ کی کاوشوں کو سراہا ۔ ڈی سی نے سنٹر میں زیر تعلیم طلبا و طالبات میں کیلاش گروپ کی طرف سے گرم جیکٹس بھی تقسیم کیں ۔ انہوں نے چک 8 میں سپورٹس گرائونڈ کے لئے مختص اراضی کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ گرائونڈ کو جاذب نظر اور خوبصورت بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں ۔ ڈی سی نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔