زیادتی کسی کے ساتھ بھی ہو غلط ہے اس کو کبھی صحیح نہیں کہا جاسکتا پر نصرت سحر عباسی کو بھی فراخدلی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، میر اعجاز حسین جھکرانی

جے یو آئی نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ کیا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں، گریجویٹی کے چیک تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

اتوار 22 جنوری 2017 21:40

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی نے کہا ہے کہ زیادتی کسی کے ساتھ بھی ہو غلط ہے اس کو کبھی صحیح نہیں کہا جاسکتا پر نصرت سحر عباسی کو بھی فراخدلی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،جے یو آئی نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ کیا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ،بلدیہ آفیس اور ڈی سی آفیس کی عمارت کے افتتاح اور ضلع کونسل کے ملازمین میں گریجویٹی کے چیک تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلع چیئرمین سردار محمد پناہ اوڈھو، سردار ذوالفقار سرکی ،ڈپٹی کمشنر آغا شاہنواز بابر، میر فاروق خان جکھرانی، غلام عباس جکھرانی،کونسل آفیسر امجد پٹھان، حسین بخش عابدی، سلمان ڈہر اور دیگر موجود تھے، میر اعجاز جکھرانی نے مزید کہاکہ سی پیک منصوبے میں تمام صوبوں کو شامل کیا جائے کسی کو نظر انداز نہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کا حل بلدیاتی نظام ہے پرویز مشرف کے دور میں بلدیاتی نظام میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج نہ مل سکے لیکن اب پیپلز پارٹی دور اقتدار میں بلدیاتی نظام کے ذریعے اقتدار نچلی سطح تک منتقل کیا گیا ہے ،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جے یو آئی ہمیشہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرتی آئی ہے یہ کوئی نئی بات نہیں محترمہ بینظیر بھٹو شہیدکے مقابلے میں شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو تھے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کے مقابلے میں اب ان کے بیٹے راشد محمد سومرو ہیں ،ضلع چیئرمین سردار محمد پناہ اوڈھو نے کہا کہ ضلع کونسل 13کروڑ کے خسارے میں ہے جس کے باعث ملازمین کی تنخواہیں، پنشن اور گریجویٹی ادا نہیں کی جاسکی ہے میر اعجاز جکھرانی کی کوششوں سے 3کروڑ53لاکھ 67ہزار کی گرانٹ ضلع کونسل کو دی گئی ہے جس کے تحت ضلع کونسل کے ملازمین کو تنخواہ اور پنشن کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی کی گئی ہے جبکہ وہ ملازمین جو گریجویٹی سے محروم تھے ان تمام کو گریجویٹی کے ایک کروڑ 11لاکھ 86ہزار 862اور پنشن کی مد میں ایک کروڑ 10لاکھ 99ہزار اور تنخواہ کی مد میں ایک کروڑ 30لاکھ 80ہزار دئیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :