وزیراعلیٰ کیخلاف ریفرنس میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے لچک دکھائی تو توہین عدالت کا کیس کریں گے‘ تحریک انصاف

حکومت جان بوجھ کر انتشار پھیلانا چاہتی ہے ،بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنایا جائے ‘ محمود الرشید اور شفقت محمود کی مشترکہ پریس کانفرنس

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید اور رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنائے، وزیراعلیٰ کیخلاف ریفرنس میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے لچک دکھائی تو توہین عدالت کا کیس کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کریم بلاک علامہ اقبال ٹائون لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انکے ہمراہ یونین کونسل چیئرمین محمد عظمت چودھری ، وائس چیئرمین منصور امین، حافظ ذیشان رشید و دیگر تھے۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ یونین کونسل214 کے لیگی بلدیاتی نمائندے یو سی215کے دفتر پر قبضہ کئے بیٹھے ہیں اور بارہا ضلعی انتظامیہ کو شکایات درج کرانی کے باوجود نہ دفتر خالی کیا جارہا ہے اور نہ ہی دفتر سے مسلم لیگی قائدین کی تصویریں ہٹانے دی جارہی ہیں اگر چار روز میں ضلعی انتظامیہ نے دفتر خالی نہ کرایا تو تحریک انصاف زبردستی دفتر سے لیگی نمائندوں کا سامان اٹھا کر سڑک پر پھینک دے گی۔

(جاری ہے)

میاں محمود الر شید اور شفقت محمود نے مزید کہا کہ کریم بلاک قبرستان میں جگہ نہ ہونے کا بہانہ بناکر بیس سے پچیس ہزار روپے فی قبر فروخت کی جارہی ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ قبرستان کے تمام تر معاملات بھی بلدیاتی نمائندے کے حوالے کئی جائیں۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت جان بوجھ کر انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو نہ بجھو ا یا گیا تو عدالت سے رجوع کریں گے کیونکہ یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔