میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کرال انٹر چینج منصوبے کے لینڈ سکیپنگ پلان کی منظوری دیدی

جمعہ 20 جنوری 2017 21:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کرال انٹر چینج منصوبے کے لینڈ سکیپنگ پلان کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے یہ منظوری کرال انٹر چینج منصوبے کی سائٹ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے موقع پر دی۔میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو کرال انٹر چینج منصوبے کے لینڈ سکیپنگ پلان کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔

اس موقع پر انجینئرنگ ونگ کے سینئر افسران کے علاوہ منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ لینڈ سکیپنگ کے پلان پر عملدرآمد کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ لگائے جانے والے پودے مقامی موسم سے مطابقت رکھتے ہوئے تاکہ وہ بہتر طریقے سے نشوونما پا سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائٹ کی لینڈ سکیپنگ کرتے ہوئے چھوٹے قد والے پودوں کو فوقیت دی جائے تاکہ اس انٹر چینج کو استعمال کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لینڈ سکیپنگ کے کام کو منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی مکمل کیا جائے۔ انہوں نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ وہ کرال انٹرچینج کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ مل کر لیند سکیپنگ کے لیے بھر پور تکنیکی معاونت فراہم کریں ۔

انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو مزید ہدایت کی کہ لگائے جانے والے پودوں کی افزائش کو یقینی بنانے کے لیے پانی کا مناسب انتظام بھی کیا جائے۔بالخصوص سرد موسم سے بچائو کو بھی یقینی بنایا جائے۔ میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے الیکٹریکل اینڈ مکینیکل ڈویژن کو ہدایت کی کہ کرال انٹرچینج پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام بھی منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی مکمل ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے دوران اس بات کا خیال رکھا جائے کہ تمام لائٹ پولز ایک دوسرے کے متوازن ہوں تاکہ یہ منصوبہ جہاں لوگوں کے لیے سہولت کا باعث بنے وہاں اسلام آباد کی خوبصورتی میں بھی ایک شاندار اضافہ ہو۔ اس موقع پر منصوبے کے ڈائریکٹر ممتاز حسین نے میئراسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کومنصوبے پر کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔

انہیں بتایا گیا کہ کرال انٹر چینج منصوبے کے کام کا کنٹریکٹ مئی2016 ؁ء میں ایوارڈ کیا گیا جس کو ایک ارب ستر کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وی آئی پی روٹس ،ٹریفک کے بھاری دبائو اور بارشوں کے باعث کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ منصوبے کو اس کی مقررہ مدت میں ہی مکمل کیا جائے۔ انہیں بتایا گیا کہ کرال انٹر چینج منصوبے میں شامل فلائی اوورکی64 گرڈز لگائے جا چکے ہیںجبکہ انٹر چینج کے چھ میں سے چار چھت مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ دو چھتوں کو آئندہ ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔

انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت تین انڈر پاسسز کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ 1918 میٹر طویل سروس روڈ ایسٹ اینڈ ویسٹ پر اسفالٹ بیس مکمل کرنے کے علاوہ 18 کلورٹس بھی مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ ویسٹ اور ایسٹ سلپ روڈز کی تعمیر بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے جن کی لمبائی 1153 اور 308 میٹر بالترتیب ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ انٹر چینج کا ریمپ631 میٹر ہے جو کہ تین لین پر مشتمل ہے ۔

انہیں مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت ایکسپریس وے کوتوسیع بھی دی جا رہی ہے اس ضمن میں ایکسپریس وے کی موجودہ پانچ لین میں دو مزید لین کا اضافہ کر کے سات لین تک توسیع دی جا رہی ہے جس کی کل لمبائی شمال اور جنوب دونوں اطراف 3600میٹر ہے۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ دو لین پر مشتمل دو لوپس ایسٹ اینڈ ویسٹ جو بالترتیب 560 میٹر اور 525 میٹر ہیں انکی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 18 کلورٹس کی تعمیر کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئر مین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اس کرال انٹر چینج منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت میں ہی ہونی چاہیے تاہم کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گااور نہ ہی منصوبے میں تاخیر برداشت کی جائے گی ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے سائٹ پر لگائے گئے گاڑد ریل اور کروو سٹون کا بھی معائنہ کرنے کے علاوہ کرال انٹر چینج کے تمام تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔