پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی کے موقع پر افسران و اہلکاروں نے احسن طریقے سے فرائض سر انجام دئیے

ریلی کے روٹ یا شہر میں کہیں بھی ٹریفک جام یا دبائو کی اطلاع موصول نہ ہوئی‘ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) سید احمد مبین

جمعرات 19 جنوری 2017 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی کے موقع پر ٹریفک افسرا ن و وارڈنز نے بہترین فرائض سرانجام دیئے ۔ریلی کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے 02ایس پیز ، 04ڈی ایس پیز ،06 انسپکٹرز اور 200سے زائد ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا گیاتھا۔

ریلی کے شرکاء بحریہ ٹائون سے شاہکام چوک، بھپتیاں چوک اور پھر السعیدچوک سے ہوتے ہوئے فیصل آباد روانہ ہوگئے ۔ تفصیلا ت کے مطابق 50سے 60لوگوں نے ایبٹ روڈ سے ہوتے ہوئے شملہ پہاڑی پر احتجاج کیا جہاں ڈی ایس پی فلائنگ سکواڈ وقار خان اور سیکٹر انچارج گڑھی شاہو سمیت 10اضافی ٹریفک وارڈنز نے فوری طورپر ڈائیورش لگا کر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مغلپورہ پھاٹک بند ہونے سے ٹریفک دبائو کی اطلاع پر فوری ڈی ایس پی مغلپورہ اور سیکٹر انچارج کو موقع پر بھیجا گیا جہاں ٹریفک وارڈنز پہلے سے ہی ٹریفک بہائو کو یقینی بنا رہے تھے۔ریلی کے روٹ یا شہر میں کہیں بھی ٹریفک جام یا دبائو کی اطلاع موصول نہ ہوئی ۔جس پر سٹی ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار مبارک باد کے مستحق ہیں۔شہر میں ریلی ہو یا کوئی بھی ایونٹ، سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہے۔