سی ڈی اے نے اپنی نئی موبائل ہیلپ سروس متعارف کرا دی

جمعرات 19 جنوری 2017 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے ) نے اپنی نئی موبائل ہیلپ سروس متعارف کرا دی ہے۔ نئی سروس شہریوں کو انکی دہلیز پر سروس فراہم کرے گی۔ نئی برق رفتار سروس متعارف کروانے کا مقصد شہریوں کی شکایات کا تیزی سے ازالہ کرنا ہے۔شہری ایک فون کال پر تیزی سے اس خدمت سے مستفید ہو سکیں گے ۔

نئی سروس سی ڈی اے کی کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں ایک نیا اضافہ ہے۔ متعارف کرائی جانے والی نئی سروس سی ڈی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کوجدید خطوط پر استوار کرنے کی حکمتِ عملی کا بنیادی عنصر ہے۔ شکایات کے ازالہ کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے جاری کی۔ شکایات کے ازالے کے لیے مخصوص گاڑیوں کو متعارف کرانے کا تخیل سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے دیا ہے۔

(جاری ہے)

ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے نے کہا ہے کہ ہم نے شہریوں کی شکایات کے ازالہ کو بہتر بنانے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں شکایات کے ازالے کا معیار بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونا چاہیے اورگاڑیوں کے ذریعے شکایات کے ازالے کا نیا نظام درست سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے نظام کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ا بھی ہمیں مزید محنت کی ضرورت ہے تاکہ اس نئے نظام سے اسلام آباد کے شہری مستفید ہو سکیں۔

شکایت کے ازالہ کے لیے متعارف کرائے گئے نئے نظام میں ابتدائی طور پر دو گاڑیوں کو تجرباتی طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ہر گاڑی میں عملے کے دو افراد سوار ہوں گے۔ نئے نظام کے ذریعے سینی ٹیشن ، سٹریٹ لائٹس، واٹر سپلائی ،آلودہ پانی کے نمونے حاصل کرنے وغیرہ سے متعلق شکایات وصول کرنے کے لیے سی ڈی اے کی گاڑیاں ٹیلیفون کے ذریعے بتائے گئے پتوں پر جا کر شہریوں سے شکایات وصول کریں گے۔ شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کے لیے موئثرمانیٹرنگ کا بھی نظام وضع کیا گیا ہے۔ ابتدائی طورپر دو گاڑیوں سے شروع کیے جانے والے پراجیکٹ کو وقت کے ساتھ ضروریات کے مطابق مزید وسعت بھی دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :