2016 تاریخ کا گرم ترین سال بن گیا،دنیا کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ گرمی

7 کے گرم ترین سال ہونے کا امکان نہیں تاہم یہ پھر بھی پانچ گرم ترین برسوں میں سے ایک ہو سکتا ہے،ماہرین

جمعرات 19 جنوری 2017 11:36

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) 2016 کے درجہ حرارت کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سال 2015 کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا گرم ترین سال بن جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی خلائی ادارے ناسا اور برطانیہ کے محکمہ موسمیات کے ریکارڈ میں کہاگیا کہ 2016 کا درجہ حرارت 2015 کے مقابلے پر 0.07 سیلسیئس زیادہ تھا۔اگرچہ برطانوی محکمہ موسمیات کا ریکارڈ کردہ اضافہ غلطی کی حدود کے اندر ہے، لیکن ناسا کا کہنا تھا کہ 2016 مسلسل تیسرا ایسا سال ہے جو ریکارڈ توڑتا چلا جا رہا ہے۔

سائنس دانوں نے کہا کہ اس ایک سبب ایل نینیو نامی موسمیاتی مظہر ہے، تاہم اصل وجہ انسانوں کی جانب سے خارج کی جانے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس ہے۔مبصرین کو اس خبر پر زیادہ حیرت نہیں ہو گی، کیونکہ بہت سی علامات سے اس کا اندازہ پہلے ہی سے ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

بعض سائنس دانوں نے مئی ہی میں کہنا شروع کر دیا تھا کہ یہ سال ریکارڈ توڑ دے گا۔ناسا کے مطابق 1880 کے بعد سے جب سے درج? حرارت کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے، 2016 گرم ترین سال ہے۔

ناسا کے ڈاکٹر گیون شمٹ نے کہاکہ اب تک گرم ترین سال کا ریکارڈ 2015 کے پاس تھا، لیکن 2016 نے اسے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اگرچہ درجہ حرارت میں یہ اضافہ بہت معمولی ہے، لیکن سال بہ سال تبدیلی کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو یہ اضافہ بھی بہت بڑا ہے۔انھوں نے کہاکہ یہ بہت واضح ریکارڈ ہے۔ اس کی وجہ بحر الکاہل میں ال نینیو ہے جس نے خاصی گرمی پیدا کی تھی۔

تاہم سب سے بڑی وجہ گرین ہاؤس گیسوں کی پیدا کردہ گرمی ہے۔ستمبر 2016 میں بحرِ منجمد شمالی اپنے رقبے کے لحاظ سے دوسرے کم ترین درجے تک آ گیا تھا۔ یہاں کی برف ہر سال موسمِ بہار اور گرما میں پگھل کر سکڑ جاتی ہے، جب کہ خزاں اور سرما میں دوبارہ پھیل جاتی ہے۔عالمی موسمیاتی آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او)، جو مختلف ذرائع سے ڈیٹا اکٹھا کرتی ہے، اس کا بھی کہنا تھا کہ 2016 نے 0.07 درجے کے فرق سے سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔

21ویں صدی میں زمین کی گرمی میں تیزی آ گئی ہے۔ 2001 کے بعد سے تاریخ کے 16 گرم ترین سالوں میں سے 15 اسی صدی میں گزرے ہیں۔اس مسلسل گرمی کا اثر پوری دنیا پر دیکھا جا رہا ہے۔ ڈبلیو ایم او کے پیٹیری تالاس کہتے ہیں: 'ہم نے بحرِ منجمد شمالی اور بحرِ منجمد جنوبی میں کم ترین برف کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔'بحرِ منجمد شمالی عالمی اوسط کے مقابلے پر دوگنا تیزی سے گرم ہو رہا ہے۔

سمندری برف کے مستقل طور پر غائب ہو جانے سے دنیا کے دوسرے علاقوں میں موسم، آب و ہوا، اور سمندری پیٹرن تبدیل ہو رہے ہیں۔ ہمیں اس مستقل جمی رہنے والی برف کے پگھلنے سے خارج ہونے والی میتھین گیس پر بھی دھیان رکھنا چاہیے۔خدشہ ہے کہ امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ کے اقتدار میں آنے کے بعد ماحولیاتی تبدیلی کو روکنے کے لیے سیاسی حمایت میں کمی واقع ہو جائے گی۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ بہت بڑی غلطی ہو گی۔ماہرین کے مطابق 2017 کے گرم ترین سال ہونے کا امکان نہیں ہے، تاہم توقع ہے کہ یہ پھر بھی پانچ گرم ترین برسوں میں سے ایک ہو سکتا ہی-

متعلقہ عنوان :