چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد سے تجاوزات کے خاتمہ کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دیدی

بدھ 18 جنوری 2017 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد سے تجاوزات کے خاتمہ کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزکی ہدایت پر اس ٹاسک فورس نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن کی ٹاسک فورس نے ایک ایکشن پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت اسلام آباد میں تجاوزات کنندگان کو بذریعہ لائوڈ سپیکراعلانات کے ذریعہ متنبہ کیا ہے کہ وہ از خود تجاوزات کا خاتمہ کر دیں ۔ڈی ایم اے کی ٹاسک فورس نے سیکٹر G-10,G-9 اورG-11 میں کارروائیاں کر کے 42 سے زائد فروٹ کے سٹالوں کو ختم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تجاوزات کے مرتکب 200 سے زائد افراد کو نوٹسز جاری کرنے کے علاوہ بار بار خلاف ورزی کے مرتکب تجاوزات کنندگان کو 80 ہزار روپے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن شہباز طاہر ندیم ذاتی طور پر ان تمام کارروائیوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔میئر اسلام آباد چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آبادپاکستان کا خوبصورت ترین شہر ہے اور تجاوزات اس کے قدرتی حسن کو متاثر کر رہی ہیں اس لیے تجاوزات کنندگان کے خلاف سخت آپریشن بلا امتیاز و تفریق جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بذریعہ اخبارات تمام تجاوزات کنندگان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ازخود تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے ایک ذمہ داری شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔

انہوں نے تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ از خود تجاوزات کا خاتمہ نہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے تمام شعبوں کومزید ہدایت کی کہ آپس میں موئثررابطے کو یقینی بنائیں تاکہ اسلام آباد سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیے جائیں وہاں پر کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان علاقوں میں تجاوزات دوبارہ قائم نہ کی جا سکیں ۔

متعلقہ عنوان :