دیامر بھاشا ڈیم کو سی پیک میں شامل کرنے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، میاں زاہد حسین

بدھ 18 جنوری 2017 16:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم و آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک بھر کی کاروباری برادری دیامر بھاشا ڈیم کو پاک چین اقتصادی راہداری میں شامل کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتی ہے، اس سے یہ منصوبہ جلد مکمل ہو گا اور ملک میں توانائی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی، پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی جبکہ تربیلا اور منگلا سمیت کئی ڈیموں کی زندگی بھی بڑھ جائے گی۔

بدھ کو جاری بیان میں میاں زاہد حسین نے کہا کہ تمام صوبے دیامر بھاشا ڈیم کو سی پیک میں شامل کرنے پر متفق ہیں جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم سے 315 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع دیامر بھاشا ڈیم 272 میٹر اونچا ہو گا جو 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کر سکے گا جبکہ اس سے ساڑھے چار ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور لاکھوں افراد کی زندگیوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہوا ہے اس لئے 2018ء تک 11 ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جن میں کوئلے، شمسی توانائی اور ونڈ پاور کے منصوبے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :