شہریوں کو ترقی کے ثمرات ضلع کے کونے کونے میں پہنچانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

منگل 17 جنوری 2017 23:34

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایات پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے شہریوں کے ریلیف کے لئے ترقی کے ثمرات ضلع کے کونے کونے میں پہنچانے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے تاکہ لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب تعلیم،صحت،فنی تربیت اور کھیلوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات بہم پہنچانے میں تاخیر نہ ہو۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل سمندری کے تفصیلی دورے کے دوران کہی۔ارکان صوبائی اسمبلی عارف محمود گل،رائو کاشف رحیم،اسسٹنٹ کمشنر کنورانوارخاں،چیئرمین میونسپل کمیٹی رائو وقاص مجاہد،وائس چیئرمین چوہدری توصیف الرحمان اور کونسلرز صاحبان کے علاوہ ڈی او سپورٹس طارق نذیر،ایکسئین بلڈنگز طاہر انجم سمیت مختلف ضلعی وتحصیل محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی آفس میں ایک میٹنگ کے دوران کہا کہ تحصیل سمندری کی تعمیر وترقی کیلئے مزید منصوبہ جات تیار کئے جائیں گے۔اس سلسلے میں بلدیاتی نمائندوں سے مشاورت سے ترقیاتی پروگرام وضع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بس سٹینڈ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے علاوہ سلاٹر ہائوس کے قیام کی تجویز کو بھی آگے بڑھائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے ارکان صوبائی اسمبلی کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرکے وہاں مریضوں کی عیادت اوران سے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے تاہم ہسپتال انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اپنی محکمانہ ذمہ داری کو کما حقہ پورا کریں۔انہوں نے شعبہ ایمرجنسی اورشعبہ کارڈیالوجی کا معائنہ کیا اور کہا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کرکے عنقریب ڈائیلاسز کی سہولیات فراہم کر دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے چک نمبر469 گ ب میں بوائز سکینڈری سکول ‘گرلز ہائر سکینڈری سکول ‘ ٹیوٹا سنٹر ‘سپورٹس سٹیڈیم ‘ پارک ‘ رورل ہیلتھ سنٹر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر عملدآمد کی رفتار کر جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گائوں کی سطح پر یہ سہولیات فراہم کرناضلعی انتظامیہ کا مشن ہے جسے بلا تاخیر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے ریسکیو 1122 کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور موقع پر ہی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران سے بات کرکے بقیہ فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر نے سمندری کے سیوریج اور ڈرینج سسٹم کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ان منصوبوں میں مزید وسعت لائی جائے گی۔

انہوں نے خادم پنجاب رورل روڈزپروگرام کے تحت زیر تکمیل مختلف دیہی سڑکوں کے تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر ارکان اسمبلی عارف گل ‘ رائوکاشف رحیم اور بلدیاتی نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی انتظامی و ترقیاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ سمندری کی بدولت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں تیزی آئے گی اور لوگوں کے مقامی مسائل حل ہونگے۔