جسٹس ( ر) سعید الزماں صدیقی نے ساری زندگی قانون کی پاسداری میں گزاری، سفیر مراکش محمد کارمون

منگل 17 جنوری 2017 23:24

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کارمون) (Mohammad Karmouneنے مراکش کے کراچی میں تعینات اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ اور معروف صنعت کار مرزا اختیار بیگ کے ہمراہ منگل کو گورنر ہائوس میں سابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کے صاحبزادے افنان صدیقی سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی ایک ماہر قانون دان او ر اصول پسند شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے ساری زندگی آئین اور قانون کی پاسداری میں گزاری۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وفد نے سابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی مرحوم کی مغفرت ، درجات کی سربلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ قبل ازیں سابق گورنر پنجاب و تحریک انصاف کے رہنما چوہدری غلام سرور نے بھی گورنر ہائوس میں جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کے صاحبزادے افنان صدیقی سے تعزیت کی۔

(جاری ہے)

چوہدری سرور نے کہا کہ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی ایک شفیق انسان تھے ان کی وفات سے ہم ایک سچے پاکستانی سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی پوری زندگی آئین و قانون کی پاسداری میں گزری ، مرحوم اصول پسندی میں اپنی مثال آپ تھے ، ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کی ، ان کی خدمات مجھ سمیت پوری قوم کو ان کی یاد دلاتی رہے گی۔