Live Updates

وزیراعظم نے عدالت سے کسی قسم کا استثنیٰ نہیں مانگا ،ْ عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدل رہے ہیں ،ْ مسلم لیگ (ن)

آئین و قانون کی پاسداری کریں گے اور قانون کے مطابق ہی چلیں گے ،ْمصدق ملک

منگل 17 جنوری 2017 23:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) مسلم لیگ کے رہنما دانیال عزیز اور مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عدالت سے کسی قسم کا استثنیٰ نہیں مانگا ،ْ عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدل رہے ہیں۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ میڈیا کے بعض سیکشن میں یہ خبر بار بار چلائی جا رہی ہے کہ وزیراعظم نے آئین کی دفعہ 248 کے تحت استثنیٰ مانگا ہے، اس قسم کی کوئی بھی بات نہیں ہے نہ ہی وزیراعظم نے استثنیٰ مانگا ہے حالانکہ وزیراعظم اور پوری پارلیمان کو دفعہ 248 کے تحت استثنیٰ حاصل ہے۔

سابق صدر کے خلاف جب مقدمہ چلا تھا تو انہوں نے بھی استثنیٰ مانگا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی لیڈروں کو بادشاہت سے بچانے کیلئے یہ پارلیمانی حق دیا گیا تھا وزیراعظم اور پارلیمانی لیڈروں کو یہ استحقاق حاصل ہے کوئی بھی ان کا یہ استحقاق ختم نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں حقائق اور قانون کے مطابق بات کرنی ہوتی ہے، جو الزام لگاتا ہے وہی ثبوت لاتا ہے تاہم پی ٹی آئی والے ثبوت کی بجائے جھوٹ کا سہارا لے کر میڈیا پر واویلا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں اور بادشاہت کے خلاف بننے والے قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ہمیں کہتے ہیں کہ ہم قانون کے پیچھے چھپ رہے ہیں تو ہم ان سے کہتے ہیں کہ اگر آپ کسی کو مجرم ثابت کرنا چاہتے ہیں تو ثبوت دینا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قانون کا سہارا نہ لیں تو کس کا سہارا لیں، کنٹینر کا، دہشت گردی کا یا جلوس کا، ہم آئین و قانون کی پاسداری کریں گے اور قانون کے مطابق ہی چلیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ آج کی کارروائی میں واضح طور پر ٹیکسوں پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین بینک آف سوئٹزرلینڈ کے تحت ہونے والی دو اقساط کی ادائیگیوں کی تفصیل بھی سامنے لائی گئی اور یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ ثبوت اور منی ٹریل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے 1980ء سے اب تک کے ثبوت مانگ رہے ہیں حالانکہ جو ثبوت ہمارے پاس ہیں وہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدل رہے ہیں جبکہ وزیراعظم کے وکیل نے ثبوت پر بات کرنا شروع کر دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات