حکومت نے تین سالوں کے دوران اقتصادی اصلاحات کے پروگرام پر کامیابی کے ساتھ عملدرآمد کیا ہے ،ْوزیر خزانہ

منگل 17 جنوری 2017 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ تین سالوں کے دوران اقتصادی اصلاحات کے پروگرام پر کامیابی کے ساتھ عملدرآمد کیا ہے، اس پروگرام کو جاری رکھا جائے گا۔ وہ پانچ سالہ میکرو اکنامک فریم ورک کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے وسط مدتی مالیاتی پالیسی کو ترمیم شدہ فسکل رسپانسبیلٹی اینڈ ڈیٹ لمیٹیشن (ایف آر ڈی ایل) ایکٹ میں دیئے گئے اہداف سے ہم آہنگ بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میکرو اکنامک کے اہم اشاریوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایف آر ڈی ایل ایکٹ میں حالیہ ترمیم کی اہمیت پر زور دیا جو وفاقی حکومت کے خسارے کو محدود کرنے سے متعلق ہے۔

(جاری ہے)

اس کے تحت خسارہ 2017-18ء میں جی ڈی پی کے 4 فیصد تک کم کرنے کے بعد اسے زیادہ سے زیادہ 3.5 فیصد کی سطح پر برقرار رکھا جاتا ہے۔ اس طرح قرضوں کی شرح کو 15 سالوں میں جی ڈی پی کے 50 فیصد تک لانا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک جامع اور مکمل میکرو اکنامک فریم ورک کی روشنی میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں اور نجی شعبہ اعتماد کے ساتھ منصوبہ بندی کرنے کے علاوہ بروقت فیصلے کرنے کے بھی قابل ہو سکیں گے۔ یہ فریم ورک بجٹ سازی، ذخائر و سرمایہ کاریوں کے انتظام اور اقتصادی نمو کے شعبوں میں پالیسی فیصلوں کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے میکرو فسکل اندازوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔