وزیراعظم ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری اور وزیراعلیٰ پنجاب سٹنٹ فروخت کرنیوالی کمپنیوں کے ساتھ ناانصافیوں کا نوٹس لیں، احمد علی

منگل 17 جنوری 2017 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) پاکستان کارڈیک ڈیوائسز امپورٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احمد علی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد نواز شریف سٹنٹ فروخت کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لیں۔لاہور پریس کلب میں پاکستان کارڈیک ڈیوائسز امپورٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احمد علی نے اپنے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سٹنٹ بیچنے والی کمپنیوں کیخلاف بلا جواز پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان میں فروخت ہونے والے سٹنٹ عالمی معیار کے مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹنٹ لوکل سطح پر تیار کرنا ممکن نہیں ہے اور نہ ہی سٹنٹ کو فروخت کرنے والی کمپنیاں غیر رجسٹرڈ ہیں جبکہ سٹنٹ بیچنے والی کمپنیوں کو ڈرانا اور دھمکانا بند کیا جائے۔

(جاری ہے)

احمد علی نے کہا کہ اس انڈسٹری سے ہزاروں خاندان وابستہ ہیں جبکہ تمام کمپنیز نے اپنا ریکارڈ ایف آئی کو پیش کر دیا ہے اور جھوٹی افواہوں کی آڑ لے کر معزز کارڈایلوجسٹ کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں آنے والے سٹنٹ غیر معیاری ہیں تو انہیں پاکستان آنے پر پکڑا کیوں نہیں جاتا اور پاکستان میں وہی سٹنٹ استعمال کیئے جا رہے ہیں جو کہ امریکہ اور یورپ سمیت دیگر ممالک میں استعمال کیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے جس سے یہ معلوم ہو سکے کہ سٹنٹ معیاری ہیں یا کہ غیر معیاری۔