سابق آرمی چیف راحیل شریف کی ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت، پرتپاک استقبال

میں پاکستان میں دہشت گردی میں واضح کمی دیکھنے میں آئی، دنیا کو متحد ہو کر اس کینسر کا خاتمہ کرنا ہوگا، دہشت گرد ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال بہت چالاکی سے کرکے اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں

muhammad ali محمد علی منگل 17 جنوری 2017 21:12

سابق آرمی چیف راحیل شریف کی ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت، پرتپاک ..

ڈیووس (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17جنوری2017ء) سابق آرمی چیف راحیل شریف نے ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کا اہم اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں پاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ راحیل شریف اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر راحیل کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اجلاس میں ٹیرر ازم ان ڈیجیٹل ایج کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے راحیل شریف کا کہنا تھا کہ 2016 میں پاکستان میں دہشت گردی میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔ اے پی ایس حملے کے بعد پوری قوم دہشتگردوں کیخلاف اٹھ کھڑی ہوئی۔ ایک ماہ میں 150 دہشتگرد حملوں کے بجائے ایک حملہ رہ گیا ہے۔ ہم ہر صورت انسانی حقوق اور فوجی آپریشن میں توازن رکھنےکی کوشش کرتےہیں۔

(جاری ہے)

جہاں فوجیوں کےسرکاٹے جائیں وہاں سخت کارروائی کرنا پڑتی ہے۔ انسانی حقوق کی حدود و قیود بہت پیچیدہ ہیں ان کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ راحیل شریف کا کہنا تھا کہ طالبان کو شکست دینے میں پیچیدہ سرحد جیسے مسائل ہیں۔ افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی بھی مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ ایسےگروہ بھی ہیں جو افغانستان میں بھی ہیں اور پاکستان میں بھی۔

افغانستان میں کارروائی کے وقت یہ گروہ پاکستان آجاتے ہیں۔ پاکستان میں ان گروہوں کیخلاف کارروائی پر یہ گروہ افغانستان چلے جاتے ہیں۔ دنیا کو متحد ہو کر اس کینسر کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ دہشت گرد ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال بہت چالاکی سے کرکے اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ دہشت گرد اپنے عزائم اور پاگل پن کی تکمیل کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ سلیپر سیلز اور ان کے حامی بھی دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ دہشت گرد غاروں میں رہ کر منصوبہ بندی نہیں کرتے۔ بلکہ ان کی پشت پر طاقتور لوگ موجود ہیں۔