موسم سرما میں گیس کی قلت نے عوام کا جینا محال کر دیا ،بحران شدید ہونے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع

لاہور میں بچوں، خواتین اور مردوں نے چولہے،خالی برتن اٹھا کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی،فیصل آباد ‘خانیوال میں بھی مظاہرے طلب ، رسد میں فرق کے باعث مختلف شہری علاقوں میںبجلی کی 3سے 4،دیہی علاقوں میں10سے 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی بر قرار

منگل 17 جنوری 2017 19:56

لاہور/فیصل آباد/خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) موسم سرما میں گیس کی قلت نے عوام کا جینا محال کر دیا ، مختلف علاقوں میں گیس کا بحران شدید ہو گیا جسکے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لاہور سمیت بیشتر مقامات پر گیس کی قلت شدید ہو گئی ہے اور گھروں میں کھانا پکانے کیلئے بھی گیس میسر نہیں ۔

مختلف مقامات پر گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ کئی مقامات پر گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ خواتین کا کہنا ہے کہ گیس نہ آنے کے باعث بچوں کو بغیر ناشتہ کے سکول جانا پڑتا ہے ۔گیس کی قلت شدید ہونے پر مختلف مقامات پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز گڑھی شاہو کے علاقہ گوندی پیر کے رہائشیوں نے سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں شریک خواتین ، بچوں اور مردوں نے ہاتھ میں چولہے اور خالی برتن اٹھا کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ احتجاج کے باعث علامہ اقبا ل روڈ پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں تعطل کا شکار رہا ۔ محمد نگر ، ڈونگی گرائونڈ، بیل احاطہ، ریلوے اسٹیڈیم، شاد باغ، باغبانپورہ،اندرون شہر میں بھی گیس کی قلت کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ فیصل آباد میں گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ سے تنگ شہریوں نے سرگودھا روڈ پر سوئی گیس دفترکے سامنے احتجاج کیا۔

مظاہرین نے سڑک ٹریفک کیلئے بند کر کے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا صبح بغیر ناشتے کے بچے سکول اور بڑے دفاتر جانے پر مجبور ہیں۔ خانیوال میں گیس نہ ہونے پر دوسرے روز بھی خواتین نے احتجاج کیا۔ دوسری طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ طلب اور رسد میں فرق ہونے کے باعث مختلف شہری علاقوں میں 3سے 4جبکہ دیہی علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔