کراچی،عدالت میں وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ سے متعلق کیس میں وسیم اکرم نے ملزمان سے کیاگیا صلح نامہ جمع کرادیا

منگل 17 جنوری 2017 17:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ سے متعلق کیس میں وسیم اکرم نے ملزمان سے کیاگیا صلح نامہ جمع کرادیا۔وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ان کے منیجر پیش ہوئے۔

منیجر نے عدالت کو بتایا کہ وسیم اکرم نے ملزمان سے صلح کرلی ہے۔وسیم اکرم کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ریمارکس دیے وسیم اکرم کو بلوائیں ورنہ تفتیشی افسر گرفتار کرکے لائیں گے۔چاہے وزیر اعظم ہی کیوں نہ ہوں عدالت بلائیگی تو آناہوگا۔تھوڑی ہی دیر بعد وسیم اکرم نے عدالت میں پیش ہوکر صلح نامہ جمع کرادیا جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان نے عدالت میں پیش ہو کر بیان دیا کہ کیس غلط فہمی کی بنیاد پر بنا تھا۔

فریقین میں صلح ہوگئی ہے اس لیے میں مقدمہ چلانا نہیں چاہتا۔واضح رہے کہ اس سے قبل کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر وسیم اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 17 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پیش ہو کر مقدمہ ختم کرنے کی استدعا کردی۔وسیم اکرم پر 2015 میں نیشنل اسٹیڈیم جاتے ہوئے مبینہ طورپرحملہ ہواتھا۔

وسیم اکرم نے میجرریٹائرڈ عامرکیخلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی، جس کے بعد اس مقدمے کی 32 سماعتیں ہوئیں مگر وسیم اکرم عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔سماعت کے بعد وسیم اکرم کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم نے ثابت کر دیا کہ قانون کا احترام ہم سب پر فرض ہے، عدالت میں میں پیش ہو کر انہوں نے قانون کی بالادستی کی۔ وکیل نے بتایا کہ میجر عامر کو جب پتہ چلا کہ وسیم اکرم قومی ہیرو ہیں تو انہوں نے معافی مانگ لی تھی۔