پاکستان نے ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے ، امریکہ کے ساتھ بالخصوص انسداد دہشت گردی میں تعاون ،علاقائی استحکام کیلئے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی سینٹ کام کے کمانڈر سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 22:27

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے ، امریکہ کے ساتھ بالخصوص انسداد دہشت گردی میں تعاون اور علاقائی استحکام کیلئے اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو جی ایچ کیو میں امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ایل ووٹل کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور بالخصوص افغانستان میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بری فوج کے سربراہ نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت بالخصوص دہشت گردی کے خاتمہ اور علاقائی استحکام کیلئے تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کی زیر قیادت امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور پاکستان پر بعض دھڑوں کی بیان بازی پر انہوں نے کہا کہ الزام تراشی پائیدار امن اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے اور پاکستان کے اندر ایسی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں جو افغانستان کے خلاف استعمال ہو۔ انہوں نے پاک۔افغان سرحدی علاقہ میں بہتر سیکورٹی ماحول کیلئے افغانستان کے ساتھ قریبی رابطہ سے کام کرنے اور امریکہ کی زیر قیادت ریزولٹ سپورٹ مشن کیلئے اپنی کمٹمنٹ کا اظہار کیا۔

اس سلسلہ میں انہوں نے پاک۔افغان دوطرفہ سرحدی سیکورٹی اور انٹیلی جنس شیئرنگ میکنزم کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکی کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی اور خطہ میںامن و استحکام کیلئے جاری کوششوں کو سراہا۔ جنرل جوزف ایل ووٹل نے افغانستان میں امن و استحکام میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان بامقصد رابطہ پر زور دیا۔ انہوں نے افغان عوام کی زیر قیادت افغانستان میں جامع مفاہمت کیلئے بری فوج کے سربراہ کے تصور کی حمایت کی۔ قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستہ نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل جوزف نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگار شہداء پر پھولوںکی چارد چڑھائی۔