صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے ، عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی،صوبائی وزیر بلدیات

اتوار 15 جنوری 2017 22:10

سیالکوٹ ۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے جس سے صوبے کی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی ‘ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی نگرانی میں جلد ہی ایک جامع منصوبے پر کام کا آغاز کردیا جائے گا اس کے علاوہ صفائی ستھرائی اور مواصلات کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے دورہ کے دوران نومنتخب میئر ایم سی ایس سیالکوٹ توحید اختر چودھری سے ایک خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر چودھری بشیر احمد ،ضلعی جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این شجاعت علی پاشا، صدر مرکزی انجمن تاجراں سیالکوٹ حاجی مہر غلام مجتبیٰ ، جنرل سیکرٹری حاجی احسان الحق بٹ ،مرزا ابرار بیگ ، یوسی چیئرمینز سہیل احمد بٹ، نواز بھٹی، رفیق مغل ، شیخ عبدالقدیر، میاں اشفاق، چودھری شکیل احمد، عمران شریف، چیئرمین زکوة و عشر کمیٹی ضلع سیالکوٹ میاں سہیل اقبال، شیخ ناصر،گڈو شیخ، عدنان اکبر چودھری اور سید مجاہد پاشا بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کو تلقین کی کہ شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر تجاوزات کو مستقبل بنیادوں پر ختم کرنے کیلئے مرکزی انجمن تاجراںکے نمائندگان اور متعلقہ یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو آن بورڈ لیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک سنگنلز کو بحال کیا جائے روڈ انجینئرنگ کی طرف خصوصی توجہ دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کے علاوہ سینی ٹیشن کے نظام کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے اہم چوکوں اور چوراہوں کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک ہونا چاہیئے اور غلط پارکنگ کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ تاجراپنے کاروبار کو اپنی دکانوں کے اندر محدود رکھیں اور اپنی دکانوں کے سامنے سڑکوں کو ٹریفک کیلئے چھوڑ دیں ۔

انہوں نے کہاکہ شہر کی اہم سڑکوں پر ریڑھیوں کی بھرمار ٹریفک جام کا باعث بن رہی ہے ان کے سدباب کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن سے قبل اس کی بھرپور تشہیر کی جائے اور مقررہ تاریخ کے بعد بلاامتیاز مہم کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح مرکزی انجمن تاجراں سیالکوٹ شہر یوں کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے اقدامات کی حمایت کریں گے ۔

جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں حاجی احسان الحق بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ کے تاجر باشعور ہیں اور شہر کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دکاندار مقررہ تاریخ تک ہر قسم کی تجاوزات کو از خود ہٹا لیں گے اس سلسلہ میں دکانداروں سے زور زبردستی سے اجتناب کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی انجمن تاجراں شہریوں کے فلاح و بہبود کے منصوبوں میں ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار اور ماضی قریب میں لہائی بازار میں اپنی پختہ عمارتوں کو گرا کر اس کا ثبوت بھی فراہم کیا ہے ۔

میئر ایم سی ایس توحید اختر چودھری نے کہاکہ تجاوزات کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں یوسی چیئرمینز نواز بھٹی، سہیل احمد بٹ اور مجاہد مقبول پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے دن سے مرکزی انجمن تاجراں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس کے رضا مندی سے تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کو حتمی شکل دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :