ضلع کونسل لاڑکانہ کے ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں کو پینشن کی مد میں رقم دینے کی تقریب کا انعقاد

اتوار 15 جنوری 2017 21:20

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) ڈسٹرکٹ کونسل دفتر میں ضلع کونسل لاڑکانہ کے ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں کو پینشن کی مد میں رقم دینے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں میں 2 کروڑ 22 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے جو عوامی مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، لاڑکانہ ضلع کونسل کا چیئرمین پی پی ورکر ہے جنہوں نے پہلی مرتبہ ملازمن اور بیواؤں کی گزشتہ 6 سال سے جاری تنخواہوں اور پینشن کے مسئلے کو حل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے عوام کے خدمتگار ہیں جو بنیادی مسائل کے حل کے لئے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع کونسل کے چیئرمین خان محمد سانگھرو نے کہا کہ ضلع کے عوام کی خدمت کے لئے دن رات جدوجہد کررہے ہیں، منتخب نمائندوں اور ملازمین کے تعاون سے عوام کے زیادہ سے زیادہ مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ریٹائرڈ ملازمین اور ان کی بیواؤں کے دیرینہ مسئلے کو حل کیا مجھے امید ہے کہ پارٹی قیادت کی جانب سے تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

تقریب میں میئر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن محمد اسلم شیخ، ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیف آفیسر لعل بخش تنیو، محمد امین شیخ، امیربخش گاد، محمد پنجل سانگی، میر حسن کورائی، ندیم علی شیخ، امتیاز علی عباسی، ممتاز علی پتافی، سجاد حسین پیچوہو سمیت ملازمین اور پیپلز پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ بلدیہ کے ملازم تنظیم ڈسٹرکٹ کونسل ایمپلائز یونین کے صدر محمد بخش سومرو نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا کہ محکمہ بلدیہ کے تمام ملازمین کو ٹریزری کے ذریعے تنخواہیں جاری کرکے 13 ہزار ملازمین کو مستقل کیا جائے۔