حکومت نے صوت القرآن کے 20ایف ایم ریڈیو چینلز کے قیام کیلئے وسائل مہیا کر دیئے ہیں،ڈائریکٹرجنرل ریڈیوپاکستان خورشیداحمدملک

ہفتہ 14 جنوری 2017 22:37

حکومت نے صوت القرآن کے 20ایف ایم ریڈیو چینلز کے قیام کیلئے وسائل مہیا ..

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء)ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان خورشید احمد ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے صوت القرآن کے 20ایف ایم ریڈیو چینلز کے قیام کیلئے ریڈیو پاکستان کو وسائل مہیا کر دیئے ہیں۔یہ اسٹیشن مختلف ضلعی ہید کوارٹرز پر لگائے جائیں گے۔ریڈیو پاکستان ملتان کے اینکرز ،آرٹسٹ اور سٹاف ممبران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان میں بھی صوت القرآن چینل جلد قائم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے اور اسے ملک کا بہترین نشریاتی ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں ریڈیو پاکستان ڈرامہ،ڈاکو منٹری اور موسیقی کے شعبوں کے احیاء کیلئے جلد مقامی ،علاقائی اور قومی سطح پر فیسٹیول منعقد کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علاقائی فوک موسیقی کی ترویج اور اسے محفوظ بنانے کیلئے لائحہ عمل بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان گلوکاروں،کمپوزرز ،ڈرامہ رائٹرزاور ڈرامہ آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کا نیا ٹیلنٹ متعارف کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اُن کی سب سے اولین کوشش پروگراموں اور خبروں کے شعبوں کو بہتر بنانا ہے ۔خورشید احمد ملک نے کہا کہ اُن کی پہلی ترجیح ریڈیو پاکستان کی آمد نی میں اضافہ کرنا ہے ۔خورشید احمد ملک نے کہا کہ پروڈیوسر اور آرٹسٹ مشترکہ کاوش سے ریڈیوپاکستان کے پروگراموں میں بتدریج بہتری لائیں اور مختلف شعبے باہمی روابط کو بہتر بنائیں،انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیٹرز کی کارکردگی بہتر بنا دی گئی ہے جس سے ریڈیو پاکستان کا سگنل مضبوط ہوا ہے اور اب ملک کے ہر کونے میں اس کی آواز پہنچ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان این سی اے کے ساتھ مل کر موسیقی کی ترویج کیلئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان کے سٹوڈیو اور مشینری کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔اس موقع پر خطبہ استقبالیہ میں اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان ملتان مختیار احمد ملک نے ڈائریکٹر جنرل کو ریڈیو پاکستان ملتان کے پروگراموں میں بہتری لانے کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نئے سال کی آمد پر ریڈیو پاکستان ملتان نے نئے پروگرام شروع کیے ہیں جو کہ سامعین میں کافی مقبول ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد کے یوم پیدائش کے موقع پر ریڈیو پاکستان ملتان نے سیمینار،کوئز پروگرا م،مباحثے اور ملی نغمے ریکارڈ کیے جس کی قومی سطح پر ستائش کی گئی ہے۔مختیار ملک نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان کے انتظامی اور مالی معاملات میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل کی خصوصی دلچسپی سے آرٹسٹوں اور کنٹریکٹ سٹاف کی ادائیگی کافی حد تک کر دی گئی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان خورشید احمد ملک نے ریڈیو پاکستان ملتان کے نوتزئین شدہ ریکارڈنگ سٹوڈیو کا افتتاح کیا جس میں جدید ڈیجیٹل ریکارڈنگ مشینری نصب کی گئی ہے جو کہ ریڈیو پاکستان ملتان نے اپنے وسائل سے خرید ی ہے۔ انہوں نے ایف ایم ون او ون کو سٹریمنگ پر لانے اور ریکارڈنگ کی سہولت کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے ریڈیو پاکستان ملتان سے وابستہ صداکاروں کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے۔