شہر میں مسلسل ہونے والی بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اطمینان بخش نہیں،مگر نالوں کی صفائی اور ان پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے صورتحال ماضی کے مقابلے میں اب بہتر ہے،سید مراد علی شاہ

ہفتہ 14 جنوری 2017 22:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں مسلسل ہونے والی بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اطمینان بخش نہیں،مگر نالوں کی صفائی اور ان پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے صورتحال ماضی کے مقابلے میں اب بہتر ہے ۔یہ بات ہفتہ کو شہر کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے پانچ گھنٹے کے دورے کے دوران میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزراء جام خان شورو ، مکیش کمار چاولہ ،سید ناصر حسین شاہ ، امداد پتافی بھی موجود تھے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں مسلسل ہونے والی بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے وہ اسے اطمینان بخش نہیں کہیں گے مگر نالوں کی صفائی اور ان پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے صورتحال ماضی کے مقابلے میں اب بہتر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ائیر پورٹ کے نزدیک پچر نالہ اور گجر نالہ کادورہ کیا ہے جو کہ روانی کے ساتھ بہہ رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گجر نالہ سے تجاوزات کا خاتمہ ایک بہت بڑا ٹاسک تھا اور صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے یہ کام کر کے دکھایا جسکے لیئے وہ انکے کام کوسراہاتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ مئیر کراچی کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بھی شہر کی گلیوں کے دورے پر ہیں اور میں بھی شہر کا دورہ کر رہا ہوں اور گلیوں اور سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مئیر کے پاس خاطرخواہ اختیارات ہیں جنکے تحت وہ کراچی کے لوگوں کی خدمت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات تعجب خیز ہے کہ وہ ہر مرتبہ وہ مئیر کے اختیارات سے متعلق کہتے ہیں انہوں نے کہا کہ اسمبلی نے انہیںاختیارات دیئے ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ بہتر سے بہتر طریقے سے لوگوں کی خدمت کریں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے آج تعجب ہوا جب میں نے انہیں دعوت دی کہ آئیں ملکر شہر کا دورہ کرتے ہیں، مگر انہوں نے کہا کہ وہ شہر کے دیگر علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹریفک کے حوالے سے چند مسائل ہیں کیونکہ سڑکیں زیر تعمیر ہیں انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے کہ اسے سراہا جائے چند لوگ شہر میں ترقیاتی کام کرانے پر حکومت پر تنقید کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کر کے وہ ہماری مخالفت نہیں کررہے بلکہ اصل میں کراچی کے لوگوں کی مخالفت کر رہے ہیں لہذا کراچی کے لوگوں کے سامنے انکی شناخت ہونی چاہیے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظاما ت کا معائنہ کیا انہوں نے جن علاقوں کا دورہ کیا ان میں شاہراہ فیصل ، نیپا چورنگی ،لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد ، گولیمار ،شیر شاہ ، لیاری اور دیگر علاقے شامل تھے ۔

انہوں نے لیاری جنرل اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں سے انکی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ان سے اسپتال میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کے بارے میں بھی پوچھا جس پر مریضوں نے مثبت جواب دئیے ۔ انہوں نے اسپتال کے میڈیکل سپریڈینٹ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر ایک ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف لازمی طور پر ڈیوٹی پر موجود ہو۔

سید مراد علی شاہ نے لیاری کے آر او پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور پانی کے معیار کو چیک کیا انہوں نے وہاں موجود عملے کو ہدایت کی کہ وہ لیاری کے مکینوں کو معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ آر او پلانٹ کی اس کی زیادہ سے زیادہ گنجائش کی حد تک چلائیں ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے ایم پی اے جاوید ناگوری کے ہمراہ پی پی کے ایم این اے شاہجہاں بلوچ کے دفتر میں گئے جہاں انہیںلیاری کے پانی کی فراہمی اور نکاسی کے نظام کے بارے میں ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین نے بریفینگ دی ۔

مصباح الدین نے کہا کہ لیاری میں نکاسی آب کے سسٹم میں بہت زیادہ مسائل تھے کیونکہ یہ علاقہ سطح سمندر سے نیچے ہے لہذا گندے پانی کی نکاسی کو ہیوی سکشن مشینوں کے ذریعے کھینچا جا رہا ہے اور آبادی میں بھی اضافہ ہوا ہے سکشن پمپ کی گنجائش لوڈ کے مقابلے میں کم ہے اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ ایک ماہ کے اندر تفصیلی پلان ترتیب دیں تاکہ مناسب ڈرینیج سسٹم کا بندوبست کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لیاری کی گلیوں اور سڑکوں کو تعمیر کیا جائے مگر تعمیراتی کام سے پہلے یہاں پر پانی کی فراہمی اور نکاسی کے نظام کو درست کیا جائے انہوں نے کہا کہ لیاری میں امن و امان بحال ہو چکا ہے اور اب اسکو ترقی دینے کا موقع ہے ۔انہوں نے لیار ی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور چند مقامات پر کھڑے گندے پانی کو دیکھ کر انہوں نے اپنی ناراضگی کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :