وزیراعلیٰ سندھ کا وزیربلدیات اور چیئرمین بلدیہ سائوتھ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ

ضلع جنوبی کے لیاری اور صدر زون میں بارش کے پانی کی نکاسی کاکام تسلسل کے ساتھ جاری ہے ، ملک محمدفیاض کی وزیراعلیٰ کو بریفنگ

ہفتہ 14 جنوری 2017 22:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) وزیر اعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ نے صوبائی وزیربلدیات جام خان شورو اور چیئرمین بلدیہ جنوبی ملک محمد فیاض کے ہمراہ ڈسڑکٹ سائوتھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارشوں کے دوران برساتی پانی کی نکاسی کے جاری کام کا معائینہ کیا اس موقع پر چیئرمین سائوتھ ملک محمد فیاض نے وزیر اعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ کو اس ضمن میں کئے گئے اقدامات کے سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جنوبی کے لیاری اور صدر زون میں بارش کے پانی کی نکاسی کاکام تسلسل کے ساتھ جاری ہے اس ضمن میں سینیٹری اسٹاف برشنگ کے ذریعے شاہرائوں،سڑکوں اور گلیوں سے نکاسی آب کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کاکام بھی انجام دے رہا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں جمع پانی کو ڈی واٹرنگ پمپس اور سیز پول کے ذریعے نکالا جارہا ہے کچرا کنڈیوں کی مسلسل صفائی کے عمل کو بھی جاری رکھا ہوا ہے اس کے علاوہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کے اطراف اسکریپنگ کا کام جاری ہے جبکہ عوام کی بلدیاتی مسائل سے متعلق شکایت کے فوری ازالے کیلئے بلدیہ جنوبی کے مرکزی دفتر واقع رفیقی شہید روڈ نزد حقانی چوک پر قائم ایمرجنسی کنٹرول روم 24 گھنٹے تین شفٹوں میں مصروف عمل ہے وزیراعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ نے اس موقع پر بلدیہ جنوبی کیجانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دیں دریں اثناء چیئرمین ملک محمد فیاض نے میونسپل کمشنر آفاق سعید اور ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد ناصر کے ہمراہ صدر،ایمپریس مارکیٹ،ایم اے جناح روڈ،آئی آئی چندریگر روڈ،ٹاور،ڈینسو ہال،بولٹن مارکیٹ،کھارادر،اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن ،ہنگورہ آباد،آگرہ تاج کالونی،چاکیواڑہ،نیا آباد سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرکے برساتی پانی کی نکاسی اور کچراکنڈی کی صفائی کے جاری کام کی نگرانی کی اس موقع پر چیئرمین ملک محمد فیاض نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے تا کہ برساتی پانی کی نکاسی کے کام میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو سینٹری اسٹاف کی فیلڈ میںحاضری کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اورعملہ اس امر کو یقینی بنائے کہ بارشوں کا پانی سڑکوں اور گلیوںمیںکھڑا نہ رہے دریں اثناء بلدیہ جنوبی کے محکمہ باغات کے عملے نے کوتوال بلڈنگ کے اطراف برسات میں گر جانے والے درخت کو ہٹا کر روڈ کو ٹریفک کیلئے کلیئر کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :