سی پیک کی بدولت پہلی بار تھرکول کے ذخائر سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے،سندھ میں ترقی اور خوشحال کے نئے دور کا آغاز ہو گا،وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال

جمعہ 13 جنوری 2017 23:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار کوئلہ کے ذخائر کا استعمال کرکے بجلی پیدا کی جارہی ہے، پاکستان میں فضائی آلودگی اور کاربن کی شرح بہت سارے ممالک کے مقابلہ میں بہت کم ہے، سی پیک کے تمام منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ کے بین الاقوامی قوانین اور قواعد پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت پہلی بار تھرکول کے ذخائر سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے، تھرکول کے ذخائر کے استعمال سے سندھ میں ترقی اور خوشحال کے نئے دور کا آغاز ہو گا، کیٹی بندر منصوبے میں بھی تھرکول کے کوئلہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت فضاء میں کاربن کی شرح کو بڑھنے سے روکا جا سکے گا، سی پیک کے تمام منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ کے بین الاقوامی قوانین اور قواعد پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے متعلقہ شعبوں اور ماحولیاتی ماہرین کی مشاورت کے بعد میں تیار کئے گئے ہیں، کوئلہ کے تمام منصوبوں میں سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کے نتیجہ میں پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کا حصول اور استعمال ممکن ہوا ہے۔