ملازمتوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے چھوٹے کاروبار کے رجحان کو فروغ دیا جا رہا ہے ‘ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

صوبائی حکومت خصوصی ا فراد کے معاشی تحفظ کے لیے ٹھوس اور دیرپا اقدامات اُٹھا رہی ہے ،ہنر مند افراد کو خودکفیل بنایا جا رہا ہے سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے مابین معذور افراد کو بلاسود قرضوںکی فراہمی کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

جمعہ 13 جنوری 2017 23:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) حکومتِ پنجاب خصوصی افراد کے معاشی تحفظ اور غربت کی وجوہات کے خاتمے کے لیے کے لیے ٹھوس اور دیرپا اقدامات اُٹھا رہی ہے ،جسمانی نقائص و عضویاتی کمزوریوں کا شکار افراد کو وظائف کا محتاج بنانے کی بجائے معذوری کی نوعیت کے مطابق سکلز ٹریننگ اور انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت خدمت کارڈ پروگرام کے بعد پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ا شتراک سے -" - - تربیت و آمدن سکیم" متعارف کروائی جا رہی ہے جو نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک ماڈل پروجیکٹ ثابت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے سول سیکرٹریٹ پنجاب فنانس ڈیپارٹمنٹ میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور سمال انڈسٹریز کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے شرکاء کو بتایا کہ مذکورہ سکیم کے تحت فریقین ملکر ہُنر مند مستحق افراد کو کاروبار کے آغاز کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور اُنھیں ساز گار ماحول مہیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا سب سے کمزور طبقہ ہیں جنھیں نہ تو ملازمتیں ملتی ہیں نہ موزوں اجرت ایسے افراد کی بحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے منتظم اعلیٰ ڈاکٹرسہیل انور نے شرکاء کو بتایا کہ تربیت و آمدن سکیم کے تحت سرکاری و نیم سرکاری اداروں سے سکلز ٹرینرز کو قرض فراہم کیے جائیں گے غیر تربیت یافتہ افراد کو قرض کی منتقلی سے قبل تین سے چار ہفتے کی ٹریننگ یا انٹرن شپ کروائی جائے گی تا کہ وہ کاروبار سے منافع حاصل کر سکیں۔

انہوں نے ڈا کٹر عائشہ غوث پاشا کو بتایا کہ پیسپا سکیم کو سپانسر کرے گی جبکہ سمال انڈسٹریز ٹریننگ اور لان کی فراہمی کو یقینی بنائے گی دونوں ادارے ایک دوسرے سے بھر پور تعاون کریں گے۔پنجاب سمال انڈسٹریز کے مینجنگ ڈائریکٹر نے شرکاء کو بتایا کہ سکیم کا آغاز دو ماہ میں کر دیا جائے گا جس کے لیے باقاعدہ اشتہار دئیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ معذور افراد استفادہ کر سکیں۔

پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر پروگرام وقار عظیم اور پنجاب سمال انڈسٹریز کی جانب سے ڈائریکٹر کریڈٹ اینڈ مارکیٹنگ غلام نبی نے معاہدے پر دستخط کیے اس موقع پر ان کے ساتھ ایم ڈی سمال انڈسٹریز ، چیئرمین پسپا طاہر رضا ہمدانی، جی ایم آپریشنز شاہدہ فرخ اور دیگر افسران موجود تھے۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے معاہدہ پر فریقین کومبارکباد پیش کی اور دونوں اداروں کے سربراہان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُنھیں یقین ہے کہ دونوں ادارے خدمات کی فراہمی کے دوران قوائدو ضوابط کی پابندی، شفافیت اور میرٹ کی پاسداری کریں گے اور خدمت کارڈ کی طرح آمدن سکیم کو بھی کامیاب بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :