عوامی مسائل کیلئے تر جیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، انجینئر عبدالواحدکاکڑ

۔کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد لوگوںکے مسائل فوری حل کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

جمعہ 13 جنوری 2017 23:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انجینئر عبدالواحدکاکڑنے کہا ہے کہ عوامی مسائل کیلئے تر جیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد ہے لوگوںکے مسائل کو فوری طور پر حل کرنا ہے، اگر محکمہ مال کے عملے کی جانب سے کوئی قصوروارہوا تواس کے خلاف محکما نہ کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے تحصیل کوئٹہ میں عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ڈاکٹر یاسر بازئی،تحصیلدار سٹی،تحصیلدار صدر،نائب تحصیلدارسٹی وصدر،قانونگواور پٹوار کاعملہ بھی موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا ہے کہ عوامی مسائل میں زیادہ ترشکایات انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران نجی زمینوں کی حدود سے متعلق ہیں جو زیادہ تر تجاوزات کے زمرے میں آتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ان کی نگرانی میںا یڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو کی سربراہی میں اعلیٰ سطح پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔جس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی، اسسٹنٹ کمشنرصدر تحصیلدار سٹی،تحصیلدار صدرقانونگواور پٹواری بھی شامل ہونگے۔اور انکوائری کمیٹی میں اس بات کا تعین کر کے قبضہ مافیا سے زمین چھڑا کر اصل مالک کے حوالے کرتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا ہے کہ کھلی کچہری میں50سے زائد کیسز سنے گئے ۔اس حوالے سے متعلقہ تحصیلداروں کو تحریری طور پر ہدایت کی گئی ہے۔کہ وہ ان کیسز پر دودن کے اندر اپنی رپورٹ انکوائری کمیٹی کو پیش کریں جس پر فوری طور پر فیصلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا ہے کہ کھلی کچہری ہر پندرہ روز کے بعد منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔تاکہ کئے گئے فیصلوں پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کیلئے پیشرفت کا جائزہ لیا جائے اور لوگوں کی شکایات کا ازالہ کسی حد تک ممکن ہوسکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے محکمہ مال کے عملے کی ملی بھگت سے غلط انتقالات کی شکایات پر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ غلط اور جعلی انتقالات میں جوعملہ ملوث پایا گیا اس کے خلاف نہ صرف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ اس کے خلاف ایف آئی آربھی درج کی جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران کسی سے زیادتی نہیں ہوگی بلکہ اس حوالے سے محکمہ ریونیو کا متعلقہ بمعہ ریکارڈ موقع پرموجود رہتاہے۔

جوکہ پیمائش کے بعد حدود کا تعین کر کے نشان لگا کر باقاعدہ نوٹس دیتا ہے۔جس کے بعد تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل لائی جاتی ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انجینئر عبدالواحد کاکڑ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں قائم شکایات سیل میں شہری اپنی کسی قسم کی شکایات سے متعلق مطلع کر سکتے ہیں۔جس پر فوری طور پر کارروائی عمل میںلائی جاتی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کھلی کچہری میں لوگوں کی مسائل کے حوالے سے شکایات سنیں اور موقع پر ہی احکامات صادر کئے۔

متعلقہ عنوان :