کراچی، ایکسپو سنٹر میں پروگرام احبا ب جمعیت کے پروگرام کنیکٹ کراچی’’آو پھر سے ملیں ‘‘کے لیے خصوصی یادگاری مجلّہ احباب شائع

جمعہ 13 جنوری 2017 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) اتوار 15جنوری کوایکسپو سینٹر میں صبح دس بجے سے شام ساڑھے سات بجے تک جاری رہنے والے پروگرام احبا ب جمعیت کے پروگرام کنیکٹ کراچی’’آو پھر سے ملیں ‘‘کے لیے خصوصی یادگاری مجلّہ احباب شایع ہوگیاہے ۔جو صرف معیاری اور دیدہ زیب ہی نہیں بلکہ متن و موضوعات کے اعتبار سے بھی احباب کے لیے توشہ خاص ہے ۔

اس خوبصورت مجلہ میں جہاں جمعیت کی تاریخ موجود ہے وہیںتاریخی اور تازہ نظمیں، تذکرہ شہدائے جمعیت،جمعیت کے سفر کی روداد بھی شامل ہے۔ اورنگ زیب رہبر کی احباب کے حوالے سے نئی نظم جس کا عنوان ’’آئوتجدیدِپیما ںکریں‘‘ بھی ہے ۔ مجلہ احباب کے سرپرست اعلٰی پروفیسر ڈاکٹر واسع نے ’’حرف آغاز‘‘ کے عنوان سے لکھے گئے اداریہ کا آغاز امیر منائی کے اس شعر سے کیا ہے کہ ’’امیر!جمع ہیں احباب حال دل کہہ لے پھر التفات دل دوستاں رہے نہ رہے ‘‘ اور لکھا ہے کہ ’’کل کی جمعیت اور آج کی جمعیت میں رابطہ استوار رہنا پاکستان ،اور بحیثیت مجموعی امت کے لیے نیک فال ہوگا۔

(جاری ہے)

مجلہ میں احباب جمعیت کے پیغامات کے علاوہ شاہ نواز فاروقی،ثروت جمال اصمعی،سلیم منصور خالد،ڈاکٹر طاہر مسعود،ا ور اطہر ہاشمی و دیگر کی تحاریر اور سید منور حسن کا فکر انگیز انٹرویو بھی شامل ہے جسے عامر اشرف نے کیا ہے ۔مجلہ احباب 15جنوری کو ایکسپو سینٹر میں تما م رجسٹرڈ شرکاء کو مفت دیا جائے گا۔دریں اثناء احباب جمعیت فیملی پروگرام کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پروگرام کے کُل تین سیشنز ہوں گے ۔پہلے سیشن میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر و سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ سید منور حسن مہمانِ خصوصی ہوں گے ۔دوسرے سیشن کے مہمانِ خصوصی جمعیت کے سابق ناظم اعلیٰ و جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ہوں گے ۔ جبکہ تیسرے سیشن کے مہمانِ خصوصی جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق ناظم اعلیٰ سینیٹر سراج الحق ہوں گے ۔

اجتماع سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال ، اوریا مقبول جان ،جاوید ہاشمی ،اعجاز چوہدری ، راشد نسیم ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،حافظ نعیم الرحمن ،عبدالغفار عزیز ،عزیز نشتر، امیر العظیم ، وقاص انجم جعفری ،شاہ نواز فاروقی ،انیق احمد ،بشیر جمعہ، زاہد چھیپا (اسلام 360)، فصیح اللہ حسینی ، صہیب الدین کا کاخیل، ہاشم یوسف ابدالی اور دیگر خطاب کریں گے ۔

اجتماع میں زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو یادگاری شیلڈز اور ایوارڈز بھی دیئے جائیں گے۔ اجتماع میں ایک مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ ٹیبلو ،خاکے اور ڈاکیو منٹری بھی دکھائی جائے گی ۔پروگرام میں فوڈ کورٹ سمیت متعدد اسٹالز لگائے جائیں گے ۔پروگرام میں ایک مشاعرہ بھی ہوگا جس میں افضال صدیقی ، محمود غزنوی ، علاؤالدین خانزادہ ، اجمل سراج ، خلیل اللہ فاروقی ، شاہ نواز فاروقی ،نجیب ایوبی ، عبد الرحمن ، شہیر سلال اور دیگر شعراء کرام اپنا کلام پیش کریں گے ۔

اس پروگرام میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے ۔ پروگرام کا زرِ تعاون 300روپے رکھا گیا ہے جس میں 100روپے کے فوڈ کورٹ کے کوپن بھی دیئے جائیں گے ۔ جمعیت کے تحت خصوصی اسٹال لگایا جائے گا ۔ تاریخ ِجمعیت اور شہداء جمعیت کے حوالے سے نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔یہ پروگرام راہ ٹی وی کے ذریعے براہِ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا ۔پروگرام میں امریکہ ،کینیڈا ،آسٹریلیا ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اندرونِ ملک سے احباب ِ جمعیت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔#

متعلقہ عنوان :