ارفع کریم پاکستان نہیں دنیا بھر کی شہزادی تھی،ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں تعلیم کے میدان میں مزید ترقی کی ضرورت ہے،ذکیہ شاہنواز

جمعہ 13 جنوری 2017 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ ارفع کریم پاکستان نہیں دنیا بھر کی شہزادی تھی،ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں تعلیم کے میدان میں مزید ترقی کی ضرورت ہے،ہم اندھیروں کی دنیا سے باہر نکل آئے ہیں پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے،ارفع کریم نے بہت کم عمر میں ثابت کردیا پاکستان میں ابھی ایسا ٹیلنٹ موجود ہے جو اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کرسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام ارفع کریم کی پانچویں برسی کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور پریس کلب کے سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک منو بھائی جیسی شخصیات موجود ہیں ارفع کریم پیدا ہوتی رہیں گی ، اگر حکومت توجہ دے تو پاکستان کے ہر گھر میں ارفع کریم پیدا ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ پریس کلب ہر سال ارفع کریم کی برسی کی تقریب منعقد کرے گا۔

(جاری ہے)

سینئر صحافی منو بھائی نے کہا کہ اس ملک میں بے شمار ارفع کریم ہیں جنہیں تعلیم حاصل کرنے اور گھر سے نکلنے کا موقع نہیں ملتا، لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم دلوانے کیلئے ہمیں تحریک چلانی ہوگی ، ہمیں ارفع کریم کی ضرورت ہے ۔سینئر صحافی سلمان غنی نے کہا کہ ارفع ہمارے لئے ایک پیغام تھی کہ پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے، پاکستان تاحیات وجود میں رہنے کیلئے بنا ہے مگر یہاں لیڈر شپ کا فقدان ہے ، جب تک ہماری ترجیحات میں پاکستان نہیں ہوگا جب تک یہ اقبال اور قائد کا پاکستان نہیں بن سکتا۔

تقریب سے ارفع کریم کے والد امجد کریم رندھاوا ، اداکارراشد محمود،مسرت مصباح، بابا نجمی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پریس کلب کے نائب صدر زاہدگو گی، جوائنٹ سیکرٹری احسان شوکت، ممبران گورننگ باڈی سالک نوازاور ناصر غنی نے بھی شرکت کی جبکہ تقریب کی نقابت افضل ساحر نے کی ۔تقریب کے اختتام پر ارفع کریم کے والد کرنل(ر) امجد کریم رندھاوا نے ارفع کریم فائونڈیشن کی جانب سے پریس کلب کے سیکرٹری عبدالمجید ساجد کو یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے ۔

متعلقہ عنوان :